1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان کا جوہری حادثہ، عوام ابھی بھی پریشان

16 جون 2011

ٹوکیو سمیت شمال مشرقی جاپان کےسولہ صوبوں میں گندے پانی کو صاف کرنے والے پلانٹس میں تابکاری اثرات ملے ہیں۔ جاپان میں جوہری حادثے کے رونما ہوتے ہی ان اثرات کا باعث بننے والے تابکاری ذرات فضا میں پھیل گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/11cFx
تصویر: AP

یہ تابکاری ذرات ٹوکیو میں گندہ پانی صاف کرنے والے پلانٹ اور سیوریج سٹم میں جمع ہونے والے کوڑے میں پائے گئے ہیں۔ فضا میں پھیلے یہ ذرات بارش کی وجہ سے نالیوں کا گندہ پانی صاف کرنے والے پلانٹس تک جا پہنچے۔ ان پلانٹس میں نالیوں میں جمع ہونے والے کوڑے کرکٹ کو جلا دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں صرف راکھ باقی بچتی ہے۔ اس راکھ میں بھی تابکاری اثرات پائے گئے ہیں، جس کی وجہ سے ان پلانٹس کے قریبی باشندے پریشان ہیں۔ ایک رہائشی کہتی ہیں، ’’ یہ تابکاری ذرات ہوا کے ساتھ اڑ کر کہیں بھی جا سکتے ہیں۔اس پارک میں بھی آ سکتے ہیں، جہاں میں کھڑی ہوں۔ میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے۔‘‘

جاپانی نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے ہدیکو نِشی یاما تسلیم کرتے ہیں کہ وہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن ان کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس مسئلے کا کوئی مناسب حل ڈھونڈ لیا جائے گا، ’’ ہم کسی ایسے حل کی تلاش میں ہیں، جس کے تحت گندہ پانی صاف کرنے والے پلانٹس میں ہی تابکار ذرات والے پانی کو صاف کر لیا جائے۔‘‘

NO FLASH AKW Fukushima Japan
تصویر: dapd

نشی یاما کے مطابق تابکاری ذرات والی جگہوں اور ان کی سطح جانچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے صرف ٹوکیو میں سو سے زائد سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق شہری انتظامیہ کو ٹوکیو کے شہروں کی طرف سے درجنوں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ شہری جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے اردگرد تابکاری کی سطح کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قائم کیے گئے مراکز کے ذریعے ہم بہتر اعداد و شمار حاصل کر سکتے ہیں اور شہریوں کو آگاہ کیا جا سکتا ہے کہ ان کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ان تمام تر حکومتی تسلیوں کے بر عکس جاپان میں عوامی سطح پر اس بارے میں بھی تشویش مسلسل زیادہ ہوتی جا رہی ہے کہ فوکوشیما کے تباہ شدہ ایٹمی بجلی گھر سے آنے والے دنوں میں مزید تابکار شعاعیں خارج ہو سکتی ہیں۔

رپورٹ امتیاز احمد

ادارت مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں