1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن انتخابات، کون کیا ہے

زبیر بشیر21 ستمبر 2013

انگیلا میرکل اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں تیسری مرتبہ جرمنی کے چانسلر کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں۔ اس انتخابی دوڑ میں انہیں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے پیئر شٹائن بروک کی جانب سے کڑے مقابلے کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/19lQi
تصویر: Sean Gallup/Getty Images

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں میں برتری کی اس جستجو کے ساتھ ساتھ چھوٹی سیاسی جماعتوں کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ 22 ستمبر کو ہونے والے ان پارلیمانی انتخابات کے چند بڑے نام یہ ہیں:

انگیلا میرکل

59 سالہ انگیلا میرکل کا تعلق کرسچن ڈیمو کریٹک پارٹی سے ہے۔ وہ سن 2005 سے چانسلر کے عہدے پر فائز ہیں۔ اس عہدے کے لیے منتخب ہونے والی وہ پہلی خاتون رہنما ہیں۔ دو مرتبہ چانسلر منتخب ہونے والی میرکل اب تیسری مرتبہ یہ عہدہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ سابق مشرقی جرمنی میں پروان چڑھیں۔ یورو زون میں سن 2008 میں آنے والے مالیاتی بحران پر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے قابو پانے پر انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا سکتا ہے۔

Deutschland Bundestagwahl 2013 Peer Steinbrück im Bundestag
پیئر شٹائن بروکتصویر: Reuters

پیئر شٹائن بروک

66 سالہ پیئر شٹائن بروک کا تعلق سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی سے ہے۔ انہیں بھی چانسلر شپ کی دوڑ میں ایک اہم امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بروک کو میرکل کے پہلے دور حکومت میں بطور وزیر خزانہ خدمات کی وجہ سے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ سن 2008 کے مالیاتی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے وہ میرکل کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ شٹائن بروک 1978ء سے 1981ء تک مغربی جرمنی میں ہیلموٹ شمٹ کے دور میں چانسلر دفتر کے ترجمان رہے۔ بعد ازاں وہ 2002ء سے 2005ء کے درمیان جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ رہے۔

فلپ روئزلر

40 سالہ فلپ روئزلر سن 2011 سے ترقی پسندوں کی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی کے قائد ہیں۔ وہ میرکل کے وائس چانسلر اور وفاقی وزیر اقتصادیات ہیں۔ ان کی جماعت میرکل کی اتحادی پارٹی ہے۔ فلپ روئزلر ویت نام میں پیدا ہوئے تھے بعد ازاں انہیں ایک جرمن خاندان نے گود لیا تھا۔ روئزلر نے اپنی جماعت کا تاثر ٹیکسوں کے خلاف ایک ڈھال کے طور پر پیش کیا ہے۔ یورو زون قرضہ بحران کے حوالے سے بھی ان کے خیالات نرم سمجھے جاتے ہیں۔

Bundestagsdebatte Gregor Gysi 03.09.2013
گریگور گیزیتصویر: picture-alliance/dpa

يورگن ٹریٹن

59 سالہ یورگن ٹریٹن ماحول دوست گرین پارٹی کے رہنما ہیں۔ ان کی جماعت پیئر شٹائن بروک کی اتحادی ہے۔ وہ چانسلر گیرہارڈ شیروڈر کے دور حکومت میں وفاقی وزیر ماحولیات کے عہدے پر فائز رہے۔ اسی دور میں جرمنی کے جوہری بجلی گھروں کی تعداد میں مرحلہ وار کمی کے حوالے سے ابتدائی پیش رفت ہوئی تھی۔ وہ ماحولیاتی تحفظ اور نسل پرستی کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں بھی حصہ لیتے رہتے ہیں۔

گریگور گیزی

65 سالہ گریگور گیزی کا تعلق بائیں بازو کی جماعت لیفٹ پارٹی سے ہے۔ کرشماتی شخصیت کے مالک سمجھے جانے والےگیزی کی جماعت جرمن سیاست میں شاید وہ واحد سیاسی جماعت ہے،جو اپنے مؤقف پر ڈٹی رہنے والی ہے۔ اس جماعت نے تاحال اپنے آپ کو ’نام نہاد مصالحتی سیاست‘ سے دور رکھا ہوا ہے۔ گریگور گیزی ایک وکیل اور ایک بہترین مقرربھی ہیں۔