جرمن بشپ نے جنسی زیادتی کے الزامات مسترد کردئے
8 مئی 2010ان الزامات کی ذد میں آنے کے بعد آؤگسبرگ کے بشپ نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی درخواست دی تھی تاہم ابھی تک اسے منظور نہیں کیا گیا۔ جرمن خبر رساں اداروں نے کلیسائی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ متوقع طور پر پاپائے روم بینیڈکٹ شانز دہم ہفتے کے دن والٹر کا استعفی قبول کر لیں گے۔
والٹر پرالزام ہے کہ جب وہ سن 1996ء تا 2005ء کے دوران Eichstaett کے بشپ تھے توانہوں نےایک لڑکے کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق کلیسائی حکام نے پولیس کو والٹر کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔ دوسری طرف ایک جرمن اخبار کوانٹرویو دیتے ہوئےEichstaett کے کلیسائی ترجمان نے بتایا ہے کہ انہوں نے کسی کو بھی معلومات فراہم نہیں کی لیکن کلیسائی اصولوں کے مطابق ایک سادہ سی شکایت درج کروائی ہے۔
والٹر کے وکیل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل نے تمام الزمات مسترد کردئے ہیں اور وہ استغاثہ سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے خود کو بے گناہ ثابت کریں گے۔ والٹرمکسا اس وقت تعطیلات پر ہیں اور انتظار کر رہے ہیں کہ ان کا استعفی قبول کیا جاتا ہے یا نہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف