1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن حکومت نے ایک لاکھ فیملی ری یونین ویزے جاری کیے

صائمہ حیدر
11 اکتوبر 2017

جرمن وزارت داخلہ کے مطابق قریب ستر ہزار عراقی اور شامی شہریوں نے جرمنی میں اپنے خاندانوں سے فیملی ری یونین کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ برلن حکومت کا کہنا ہے کہ سن 2015 سے لے کر اب تک ایسے ایک لاکھ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2lcfl
Syrische Pässe Visum Visa Pass
تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Malla

جرمنی میں گزشتہ  ماہ ہونے والے عام انتخابات کے بعد سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت سی ڈی یو اور اس کی ہم خیال جماعت کرسچین سوشل یونین کے درمیان مخلوط حکومت بنانے کے راستے میں مہاجرین کا معاملہ سب سے بڑی رکاوٹ رہا ہے۔

تارکین وطن ہی کے حوالے سے چانسلر میرکل کی پالیسی کے سبب ان کی جماعت سی ڈی یو کے حمایتیوں کے ایک دھڑے کا جھکاؤ مہاجرت مخالف اور  دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی یا متبادل برائے جرمنی کی طرف ہوا۔

جرمن وزارت خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق جرمن حکومت نے سن 2015 سے سن 2017 کے وسط تک ایک لاکھ دو ہزار ایسے شامی اور عراقی شہریوں کو ویزے دیے جو جرمنی میں اپنے خاندانوں سے ملاپ کے خواہشمند تھے۔

برلن میں ملکی وزارت خارجہ کو توقع ہے کہ اس تعداد میں سن 2018 تک ایک لاکھ سے دو لاکھ کے درمیان مزید افراد کو فیملی ری یونین ویزے دیے جائیں گے۔

Libanon Syrien Bürgerkrieg Flüchtlinge in Beirut Flughafen auf dem Weg nach Deutschland
تصویر: picture-alliance/AP

ایسے تارکین وطن جنہیں جرمنی میں پناہ گزین کی حیثیت دی جا چکی ہے، اپنے شریک حیات اور نابالغ بچوں کو جرمنی بلانے کے مجاز ہیں۔ اسی طرح پناہ گزین قرار دیے جانے والے نابالغ بچے بھی اپنے والدین کو جرمنی بلانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ انتخابات میں مہاجرت مخالف جماعت اے ایف ڈی کی ریکارڈ کارکردگی اور قدامت پسند اتحاد کو بھاری نقصان کے بعد جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے حکومت سازی کے لیے دو جماعتوں کے ساتھ مشکل مذاکرات کے آغاز سے قبل ملک میں مہاجرین کے داخلے کی حد دو لاکھ مقرر کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

میرکل کی دو دیگر ممکنہ اتحادی جماعتوں گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی نے تاہم اس تجویز کو مسترد کیا ہے۔