جرمنی: روس کی حمایت میں ریلی اورحکومت کی تنبیہ
5 اپریل 2022جرمن وفاقی حکومت نے روسی نژاد جرمن باشندوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، کیونکہ یوکرین میں جاری جنگ کے دوران کریملن نے گمراہ کن معلومات پھیلانے کی اپنی مہم اور مشینوں کو مزید تیز تر کر دیا ہے۔
حکومت کی نائب ترجمان وولفگینگ بوشنیر نے کہا کہ چانسلر اولاف شولس کی حکومت، ''جرمنی میں روسی بولنے والے لوگوں سے یہ التجا کرتی ہے کہ وہ اپنے آپ کو قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے فراہم کردہ معلومات سے جامع طور پر آگاہ رکھیں ''، تاکہ یوکرین میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس سے متعلق وہ غلط بیانیوں کا شکار نہ ہوں۔
ماریوپول اور بوچہ میں عام شہریوں کے قتل سے متعلق روس نے جو دعوے کیے ہیں، وہ سوشل میڈیا کی ویب سائٹس اور روس کے قومی میڈیا اداروں پر تیزی سے پھیل چکی ہیں۔
جرمن حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ روسی نژاد لوگوں پر بیرون ملک ہونے والے نسل پرستانہ حملوں سے متعلق خبریں اور معلومات بھی کریملن کی طرف سے ایک مبالغہ آرائی ہو سکتی ہے، اس لیے ان پر یونہی یقین کرنا درست نہیں ہو گا۔
بوشینر نے کہا، ''کسی کو بھی روسی سرکاری میڈیا کی طرف سے چلائی جانے والی مذموم اور معمولی قسم کی غلط معلومات کی مہم پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔''
دارالحکومت برلن میں روس کی حمایت میں ایک کار پریڈ میں تقریباً 900 افراد نے حصہ لیا تھا جس کے ایک دن بعد وفاقی حکومت کی ترجمان بوشنیر نے یہ تبنیہ جاری کی۔ اس کار ریلی میں روسی پرچم لہرائے گئے اور مظاہرین نے کمیونٹی کے اندر روسی نژاد افراد کے خلاف، مبینہ امتیازی سلوک، کے خلاف بھی احتجاج کیا۔
حکومتی ترجمان کا کہنا تھا، ''یہ (روسی صدر ولادیمیر) پوٹن کی جنگ ہے، روسی یا یوکرین کے لوگوں کی جنگ نہیں ہے۔ اس حوالے سے جرمنی کی انٹیلیجنس سروسز بھی بہت چوکس ہیں۔''
اس بارے میں اندازے بہت مختلف ہیں کہ جرمنی میں کتنے روسی بولنے والے لوگ رہتے ہیں۔ یہ اندازہ اکثر اس بات پر مبنی ہوتا ہے کہ آیا ان لوگوں کو اس میں شمار کیا جائے، جن کی پہلی زبان روسی ہے یا پھر وہ لوگ بھی جو روسی زبان بول سکتے ہیں۔
تاہم یہ خیال کیا جاتا ہے کہ تقریبا ًتیس لاکھ سے ساٹھ لاکھ تک کے درمیان روسی بولنے والے لوگ جرمنی میں رہتے ہیں۔ سن 2019 تک، تقریباً 35 لاکھ جرمن باشندے بھی روس، یوکرین اور قازقستان سمیت سابق سوویت ریاستوں سے ہجرت کر گئے تھے۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)