جرمن سیاسی پارٹی اے ایف ڈی کا یوتھ ونگ زیر نگرانی
12 دسمبر 2023انتہائی دائیں بازو کے الٹرنیٹیو فار جرمنی کے مقامی یوتھ ونگ کو ایک 'مشتبہ انتہا پسند گروہ‘ کے طور پر نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر داخلہ ہربرٹ ریول کے مطابق اس انتہائی دائیں بازو کی سیاسی پارٹی سے منسوب ایک ذیلی تنظیم "ینگ الٹرنیٹو” میںحالیہ برسوں میں تیزی سے بنیاد پرست سوچ پروان چڑھی ہے۔
دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت اے ایف ڈی کا ینگ الٹرنیٹو گروپ پہلے سے ہی جرمنی کی انٹیلیجنس (BfV) کی زیر نگرانی ہے۔ جرمنی میں داخلی سلامتی کی ذمہ دار انٹیلیجینس سروس کے طور پر کام کرنے والا ادارہ وفاقی دفتر برائے تحفظ آئین کہلاتا ہے، جس کی صوبائی سطح پر بھی شاخیں موجود ہیں۔
ہربرٹ ریول کا مزید کہنا تھا کہ اے ایف ڈی کے نوجوان ممبران نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں نسل پرست اور انتہا پسند سوچ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر فروغ دے رہے ہیں۔
اس انتہائی نگرانی کے عمل کے تحت انٹیلیجنس سروس کی ینگ الٹرنیٹو کو مزید قریب سے جانچنے کا موقع ملے گا اور اس انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والے گروہ میں مخبروں کو بھرتی کرنے کا عمل بھی سر انجام دیا جائے گا۔
جرمنی کی کئی ریاستوں میں اس جماعت کی کئی ذیلی شاخوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔ گزشتہ ہفتے جرمنی کی مشرقی ریاست سیکسنی میں حکام نے اے ایف ڈی کو ریاستی سطح پر ایک تصدیق شدہ 'انتہا پسندانہ سوچ کی حامل تنظیم‘ قرار دیا تھا۔
م ق/ ر ب (ڈی پی اے)