1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن معاشی صورت حال: افراطِ زر کی شرح میں اضافہ جاری

31 اگست 2021

ماہرین اقتصادیات کا خیال ہے کہ جرمنی میں روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔ ایسے بھی اندازے لگائے گئے ہیں کہ افراطِ زر کی شرح پانچ فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/3ziuo
Kind einkaufen Einkaufswagen Mädchen Supermarkt
تصویر: Fotolia/Pavel Losevsky

رواں برس اگست میں بھی جرمنی میں اِنفلیشن یا افراطِ زر کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری رہا اور اس باعث عام اشیاء کی قیمتیں بڑھی ہیں۔

وفاقی دفترِ شماریات کے مطابق رواں برس عام اشیاء کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ اب 3.9 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ معاشی ماہرین کا خیال ہے کہ اگلے مہینوں میں قیمتوں میں اضافے کا یہ رجحان جاری رہ سکتا ہے کیونکہ فی الحال افراطِ زر کی سالانہ شرح کے تھمنے کا امکان دکھائی نہیں دے رہا اور اس کے مسلسل بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھتی رہے گی۔

جرمنی کو وبا کے باعث سالانہ بجٹ میں 190 بلین یورو کا خسارہ

پچھلی ایک چوتھائی صدی میں افراطِ زر میں ہونے والا یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ آخری مرتبہ جرمنی میں اِنفلیشن کی سالانہ شرح سن 1993 میں بڑھی تھی، جب یہ 4.3% تک پہنچ گئی تھی۔

Deutschland 2013 | Frankfurter Zeil während des Black Friday
ایسے امکانات ہیں کہ اگلے مہینوں میں عام لوگوں کی قوتِ خرید کم ہو کر رہ جائے گیتصویر: picture-alliance/dpa/J. Haas

عام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

یورپ کی سب سے بڑی اقتصادیات کے حامل ملک جرمنی میں افراطِ زر کے بڑھنے کی وجہ سے پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اشیائے خور و نوش بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔

مہنگائی کی ایک اور وجہ میرکل حکومت کی جانب سے عارضی طور ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) یا وَیٹ میں کی گئی کمی کو ختم کرنا بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ برلن حکومت نے کورونا وبا کے تناظر میں وَیٹ میں محدود مدت کے لیے کمی کی تھی۔

مہنگائی بڑھتی رہے گی

ماہرینِ اقتصادیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اگلے مہینوں میں روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری رہے گا اور عام صارفین کو اس اضافے کا بوجھ محسوس ہو گا۔ بعض ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ جرمنی میں افراطِ زر کی شرح پانچ فیصد تک پہنچنے کے قوی امکانات ہیں۔

کورونا اور جرمن معیشت: سات سال بعد برآمدات میں پہلی بار کمی

دوسری جانب قرضہ دینے والے بڑے جرمن بینک کے ایف ڈبلیو (KfW) کی چیف اکانومسٹ کرسٹین فولک کا کہنا ہے کہ افراطِ زر کی بڑھی ہوئی شرح مستقل نہیں بلکہ عارضی ہے اور یہ یقینی طور پر کم ہو گی، جس کے بعد قیمتوں میں بھی کمی ہو گی۔

Shopping Girls
مہنگائی بڑھنے سے خریداری کا شوق ماند پڑ سکتا ہےتصویر: Fotolia

کرسٹین فولک کا مزید کہنا ہے کہ یورپی سینٹرل بینک  کی طے کردہ اصولوں کے تحت افراطِ زر کی سالانہ شرح دو فیصد پر رکھنا لازمی ہے اور امکان ہے کہ جرمن معاشی افق پر افراطِ زر کی شرح واپس دو فیصد پر لوٹ آئے گی۔

آیا افراطِ زر عارضی ہے

بڑھتے ہوئے افراطِ زر سے مطلب یہی اخذ کیا جاتا ہے کہ ملکی معیشت پر بوجھ ہے، جس کی وجہ سے عام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جاتا ہے اور اس سے مراد مہنگائی ہے۔

انتہائی کمزور معاشی صورت حال میں افراطِ زر کی شرح سالانہ نہیں بلکہ ماہانہ بنیادوں پر نوٹ کی جاتی ہے۔ ایسے حالات میں ماہانہ شرح پچاس فیصد تک بھی جا سکتی ہے۔

آنے والے مہینے بہت سخت ہوں گے: جرمن چانسلر

ایسی اقتصادی گراوٹ جرمن قوم نے سن 1920 میں دیکھی تھی اور تب ہائپر اِنفلیشن کی وجہ شدید نوعیت کی سیاسی بحرانی کیفیت تھی۔ اِس بحرانی اور معاشی بے چینی و سیاسی بے سکونی کی وجہ سے جرمنی کو شدید ترین اقتصادی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان پریشان کن حالات کا فائدہ اٹھا کر نازی سوشلسٹوں نے حکومت حاصل کی تھی۔

Bildergalerie Anuga Lebensmittelmesse 2013 Überangebot Lebensmittel
افراطِ زر بڑھنے سے اشیائے خور و نوش بھی مہنگی ہو چکی ہیںتصویر: picture alliance/chromorange

جرمنی کے تمام اہم بینکوں کا خیال ہے کہ افرطِ زر کی موجودہ شرح کچھ عرصے بعد گھٹ جائے گی اور مہنگائی کی موجودہ سطح میں بھی کمی ہو گی۔ ان ماہرین نے اس صورت حال کو عالمی کورونا وبا کے معاشیات پر گرنے والے اثرات سے نتھی کیا ہے۔ ان کے مطابق وبا کی وجہ سے اقتصادی رفتار کا سست ہونا یقینی تھا اور اب اس کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوئے ہیں۔

سرینواس موجمدار (ع ح/ع ا)