جرمن معیشت اس سال ایک بار پھر سکڑ سکتی ہے، رپورٹ
20 نومبر 2023جرمنی کے مرکزی بنڈس بینک نے خبردار کیا ہے کہ اس سال کی رواں اور آخری سہ ماہی میں ملکی معیشت ایک بار پھر سکڑ سکتی ہے اور اس کے بعد اقتصادی بحالی میں دشواری کے امکانات بھی ہیں۔
پیر کو شائع ہونے والی ایک ماہانہ اقصادی رپورٹ میں اس کا کہنا تھا، "(جرمنی کی) کی اقتصادی پیداوار میں 2023ء کی آخری سہ ماہی میں ایک بار پھر قدرے کمی کا امکان ہے۔"
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے، "یوکرین میں جنگ کے آغاز کے بعد سے شروع ہونے والے اس(معاشی) کمزوری کے دور سے جرمنی بہت مشکل کے بعد ہی نکل پائے گا۔"
اس وقت جرمنی صنعتکساد بازاری کا شکار ہے اور اس سال توانائی کی قیمتوں اور شرح سود میں اضافے جیسی وجوہات کی بنا پر یورپ کی کمزور ترین معیشتوں میں شامل رہا ہے۔ چناچہ 2023ء میں جرمنی میں صرف ایک سہ ماہی میں ہی معاشی نمو ریکارڈ کی گئی۔
بنڈس بنک کی رپورٹ کے مطابق اکنامک انڈیکیٹرز 2024ء کے اوائل میں اقتصادی بہتری کی جانب اشارہ کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود اس سال کے اختتام پر معاشی دشواری اور اس کے بعد اقتصادی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہونے کے امکانات موجود ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے سال کی شروعات میں روزگار اور آمدنی میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔
لیکن ساتھ ہی خبردار بھی کیا گیا ہے کہ آنے والے سال میں عالمی سطح پر صنعتی سرگرمیوں میں مسلسل بہتری کے کوئی ٹھوس اشارے اس وقت موجود نہیں اور اس حوالے سے کیے گئے جائزے صنعتی اشیا کی مانگ میں کمی کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں۔
بنڈس بینک کے مطابق اس تناظر میں جرمن کمپنیوں کو ملنے والے آرڈرز میں بتدریج کمی دیکھی گئی ہے اور اگلے سال ان میں مزید کمی آ سکتی ہے۔
م ا/ رب (روئٹرز)