1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن معیشت کا مستقبل کیا ہوگا ؟

27 دسمبر 2011

مکینیکل انجینئرنگ، کمیسٹری اور مینوفیکچرنگ پلانٹ، یہ جرمن صنعتی شعبے کے سب سے بڑے ستون ہیں۔ جرمن مصنوعات دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ان کی مقبولیت کا اندازہ گزشتہ برس ایسی مصنوعات کی ریکارڈ برآمد سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/13Zqg
---
تصویر: DW

لیکن یورپ میں جاری غیر یقینی معاشی صورتحال کے جرمنی پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ اس بارے میں جرمن ادارہ برائے معیشت نے آج منگل کو ایک تازہ سروے کے نتائج جاری کر دیے۔ ایک حالیہ جائزے کے مطابق یورپ کے معاشی بحران نے یہاں کی بڑی اور مضبوط کمپنیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ شہر کولون میں جرمن ادارہ برائے معیشت IW نے ملک کی 46 اہم کمپنیوں سے اس بارے میں ان کی رائے لی کہ آئندہ برس اقتصادی لحاظ سے ان کے لیے کیسا رہے گا؟ نتائج کے مطابق 46 میں سے 23 کمپنیوں نے کہا کہ اب حالات ٹھیک ایک سال پہلے کی نسبت ابتر ہیں۔ ان میں سے 26 کمپنیوں کا کہنا تھا کہ جرمنی میں اقتصادی پیشرفت اب بھی مثبت ہے۔

Symbolbild Zerbrochene Euromünze
یورو بحران کے مستقبل سے متعلق جاری بحث جرمن معیشت اور اس کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہےتصویر: egeneralk - Fotolia

لیکن پھر اقتصادی ترقی میں سست رفتاری کے بارے میں اتنا شور کیوں کیا جا رہا ہے؟ اس بارے میں ادارہ برائے جرمن معیشت آئی ڈبلیو کے سربراہ میشاعیل ہوتِھر کا کہنا ہے، ’’موجودہ حالات میں شور بلا وجہ نہیں کیا جا رہا۔ ہر ایک کوغیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ مستقبل کے بارے میں کوئی بھی نہیں جانتا کہ کس وقت یہ بحران مزید شدت اختیار کر جائے۔‘‘

جرمن کمپنیوں نے سن 2011 میں اچھی خاصی کمائی کی اور اب یہ کمپنیاں اپنا سرمایہ کسی جگہ چھپا کر نہیں رکھنا چاہتیں۔ 46 میں سے 29 کمپنیاں آئندہ برس بھی مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں۔ سروے میں شامل اداروں میں سے صرف آٹھ کمپنیاں ایسی تھیں، جو مالی نقصان اور ملازمتوں میں کٹوتیوں سے خوفزدہ ہیں۔ اس بارے میں میشاعیل ہوتِھر کہتے ہیں، ’’مجموعی طور پر لیبر مارکیٹ کی صورتحال کوئی زیادہ خراب نہیں ہے۔ مستقبل میں لیبر مارکیٹ کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ اس کی وجہ آبادی سے متعلق تبدیلی ہے۔ اس کے باوجود کہ روزگار کے زیادہ مواقع نہیں پیدا ہوں گے، شرح پیدائش میں کمی کی وجہ سے بے روزگاری میں بھی کمی ہو گی۔‘‘

منگل 27 دسمبر کو جاری کردہ اس رپورٹ میں مجموعی طور پر جرمنی کی اقتصادی صورت حال کی مثبت تصویر پیش کی گئی ہے۔ تاہم یورو بحران کے مستقبل سے متعلق جاری بحث جرمن معیشت اور اس کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

رپورٹ: کلاؤس اُلرِش / امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں