1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلجرمنی

جرمن ٹینس لیجنڈ بورس بیکر کو ڈھائی سال کی سزائے قید

29 اپریل 2022

ماضی میں کئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے جرمن ٹینس لیجنڈ بورس بیکر کو ڈھائی سال کی سزائے قید سنا دی گئی ہے۔ یہ سزا برطانوی دارالحکومت لندن کی ایک عدالت نے ان کے مالی دیوالیہ پن سے متعلق الزامات ثابت ہو جانے پر سنائی۔

https://p.dw.com/p/4AdYf
تصویر: Frank Augstein/AP/picture alliance

جرمنی سے تعلق رکھنے والے بورس بیکر نے 2017ء میں برطانیہ میں اپنے دیوالیہ ہو جانے کی ایک درخواست جمع کرائی تھی اور لندن کی ساؤتھ آرک کراؤن کورٹ میں ان کے خلاف مقدمے کی بنیاد اسی دیوالیہ پن سے متعلق مجرمانہ نوعیت کے الزامات بنے تھے۔

دیوالیہ پن کا مقدمہ، بورس بیکر کی سفارتی استثنیٰ کی درخواست

اس برطانوی عدالت کی خاتون جج نے جمعہ 29 اپریل کی شام سنائے گئے اپنے فیصلے میں اس وقت 54 سالہ اور ماضی میں چھ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے بورس بیکر کو قصور وار قرار دیتے ہوئے انہیں ڈھائی سال کی سزائے قید کا حکم سنا دیا۔ بورس بیکر کو اس سزا کا نصف حصہ جیل میں کاٹنا ہو گا۔

Boris Becker Wimbledon 1985
بورس بیکر کی سترہ برس کی عمر میں جولائی انیس سو پچاسی میں ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد لی گئی ایک تصویرتصویر: picture-alliance/Augenklick/Foto Rauchensteiner

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تقریباﹰ پانچ برس قبل جب بورس بیکر نے اپنے دیوالیہ ہو جانے کی درخواست دی تھی، تو وہ متعدد مالیاتی بے قاعدگیوں کے مرتکب ہوئے تھے۔

اس دوران انہوں نے ان بہت بڑی رقوم کی منتقلی بھی چھپائی تھی، جو انہوں نے اپنے بزنس اکاؤنٹ سے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کی تھیں۔

اس کے علاوہ بورس بیکر نے اپنے ذمے مالی ادائیگیوں کے قابل نہ رہنے کی قانونی درخواست دیتے ہوئے نہ صرف جرمنی میں اپنی ملکیت املاک بھی چھپائی تھیں بلکہ برطانوی حکام کو اس حقیقت سے بھی دانستہ بےخبر رکھا تھا کہ تب وہ ایک ٹیکنالوجی کمپنی میں شیئرز کی صورت میں سوا آٹھ لاکھ یورو مالیت کے اثاثوں کے مالک بھی تھے۔

م م / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)