جرمن کمپنی مرسیڈیز کو نو بلین یورو منافع، ورکرز کے لیے بونس
2 فروری 2017جرمنی کے مالیاتی مرکز فرینکفرٹ سے جمعرات دو فروری کو موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق مرسیڈیز گاڑیاں بنانے والی کمپنی ڈائملر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس ادارے نے اپنے سب سے کامیاب برانڈ مرسیڈیز، جسے مرسیڈیز بینز بھی کہا جاتا ہے، کی طرف سے ایس یو وی (SUV) طرز کی جو نئی گاڑیاں کچھ عرصہ قبل متعارف کرائی تھیں، ان کی فروخت میں 2016ء میں زبردست اضافہ دیکھا گیا۔
گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں تو اتنی زیادہ مرسیڈیز گاڑیاں فروخت ہوئیں کہ اکتوبر سے لے کر دسمبر تک کمپنی کے خالص منافع میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس وجہ سے گزشتہ برس کی چوتھی سہ ماہی میں ڈائملر گروپ کا منافع مزید بڑھ کر 2.2 بلین یورو ہو گیا، جو اس سے ایک سال قبل 2015ء کی آخری سہ ماہی میں 1.9 بلین یورو رہا تھا۔
مرسیڈیز گروپ کے تازہ ترین سالانہ کاروباری اعداد و شمار کے مطابق مرسیڈیز بینز گاڑیوں کی بہت زیادہ فروخت کی وجہ سے اس صنعتی گروپ کو مرسیڈیز ٹرکوں کی پیداوار اور فروخت کے شعبے میں ہونے والا نقصان پورا کرنے کا موقع بھی مل گیا۔
پچھلے برس ترکی اور مشرق وسطیٰ کے خطے میں مرسیڈیز ٹرکوں کی فروخت میں کمی ہوئی لیکن ساتھ ہی مرسیڈیز لگژری کاروں کی فروخت سے ہونے والی آمدنی 53 فیصد اضافے کے ساتھ 2.56 بلین یورو تک پہنچ گئی۔
مجموعی طور پر مرسیڈیز گروپ کی 2016ء میں آمدنی 2015ء کی نسبت ایک فیصد اضافے کے ساتھ 41 بلین یورو ہو گئی جب کہ اس دوران خالص سالانہ منافع بھی بڑھ کر 8.7 بلین یورو ہو گیا۔
ڈائملر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اربوں یورو کے اس سالانہ منافع کو وہ جرمنی میں اپنے قریب ایک لاکھ تیس ہزار کارکنوں میں ’پرافٹ شیئرنگ بونس‘ کے طور پر تقسیم کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔ اس مد میں کمپنی کے ہر کارکن کو قریب پانچ ہزار یورو یا 5400 امریکی ڈالر کے برابر سالانہ بونس بھی دیا جائے گا۔ یہ بونس ان کارکنوں کو اس سال اپریل کی ماہانہ تنخواہ کے ساتھ ادا کیا جائے گا۔