جرمنوں کو بہتر طور پر جانیے، وہ چیزیں جو ان کے لیے اہم ہیں!
جرمنی کا دفتر برائے شماریات گزشتہ چار برسوں سے ایک سروے کروا رہا ہے۔ اس میں جرمن شہریوں سے یہ پوچھا جاتا ہے کہ ان کی ترجیحات کیا ہیں اور وہ اپنی زندگی میں کیا کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ جرمن باشندوں کے جوابات کچھ یوں تھے۔
اچھے دوست اور بہترین دوستی، 85 فیصد
گزشتہ چار برسوں کے دوران کرائے گئے اس سروے میں 14 برس سے زائد عمر کے شہریوں کو شامل کیا گیا تھا۔ پچاسی فیصد سے زائد جرمنوں کا کہنا تھا کہ ان کے لیے کسی نا کسی جگری دوست کا ہونا یا بہترین دوستی قائم رکھنا بہت ہی ضروری ہے۔
خاندان، 80 فیصد
اس سروے میں شامل اسی فیصد جرمنوں کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ان کا خاندان، خاندان سے جڑے رہنا یا خاندان کے لیے کام کرنا زیادہ اہم ہے۔
شریک حیات کے ساتھ خوشگوار زندگی، 75 فیصد
سن دو ہزار سترہ میں پچھہتر فیصد جرمنوں کے لیے اپنے پارٹنر کے ساتھ خوشگوار زندگی گزارنا اہم تھا۔ تاہم سن دو ہزار بیس میں اس شرح میں تھوڑی سی کمی واقع ہوئی ہے، اب یہ شرح چوہتر فیصد بنتی ہے۔
زندگی میں آزادانہ فیصلے، 70 فیصد
سن دو ہزار بیس میں ستر فیصد جرمنوں کا کہنا تھا کہ ان کے لیے آزادنہ فیصلے کرنا بہت ہی ضروری ہے۔ سروے میں شامل ستر فیصد جرمنوں کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی زندگی کا رخ خود متعین کرنے کی مکمل آزادی چاہیے۔
سماجی انصاف، 64 فیصد
سن دو ہزار بیس میں سماجی انصاف کا موضوع چونسٹھ فیصد جرمنوں کے لیے اہم تھا۔ سن دو ہزار سترہ میں یہ شرح پینسٹھ فیصد تھی۔
پرلطف زندگی، 63 فیصد
ایسے جرمنوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے، جن کی ترجیح پرلطف زندگی گزارنا ہے۔ سن دو ہزار سترہ میں یہ شرح تقریباﹰ انسٹھ فیصد تھی لیکن سن دو ہزار بیس میں یہ بڑھ کر تقریباﹰ تریسٹھ فیصد ہو گئی۔
اولاد کی خواہش، 59 فیصد
سن دو ہزار سترہ میں سروے میں شامل انسٹھ فیصد جرمنوں کا یہی کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کا کوئی بچہ ہو جبکہ سن دو ہزار بیس میں بھی جرمنوں کی اس خواہش میں کوئی بڑی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔
ہر طرح کی مدد کے لیے تیار، 53 فیصد
سن دو ہزار سترہ میں تقریباﹰ چون فیصد جرمنوں کا کہنا تھا کہ وہ دوسروں کی ہر قسم کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ سن دو ہزار بیس میں اس شرح میں کمی دیکھی گئی اور اب تقریباﹰ تریپن فیصد جرمن باشندے کسی بھی دوسرے انسان کی ہر طرح سے مدد کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
کامیاب کیریئر، 52 فیصد
سروے میں شامل باون فیصد افراد کا کہنا تھا کہ ان کے لیے کامیاب کیریئر انتہائی اہم ہے۔ سن دو ہزار اٹھارہ اور انیس کے دوران جرمنوں میں کامیاب کیریئر کی خواہش اکاون فیصد تھی۔
کچھ نیا سیکھنے کا شوق، 48 فیصد
اس سروے میں شامل اڑتالیس فیصد جرمنوں کا کہنا تھا کہ نجی زندگی ہو یا پھر دفتری معاملات، وہ کچھ نا کچھ نیا سیکھنے کی تلاش میں رہتے ہیں۔
نئے تجربات، 44 فیصد
سن دو ہزار سترہ میں بیالیس فیصد جرمنوں کا کہنا تھا کہ وہ ایک ہی قسم کی روٹین سے تنگ آ چکے ہیں اور زندگی میں نئے تجربات کرنا چاہتے ہیں۔ سن دو ہزار بیس میں یہ شرح بڑھ کر تقریباﹰ چوالیس فیصد ہو گئی تھی۔
دیگر ممالک اور ثقافتوں کا علم، 42 فیصد
سن دو ہزار سترہ میں تقریباﹰ چالیس فیصد جرمنوں کے لیے دوسرے ممالک اور ان کی ثقافتوں کے بارے میں جاننا اہم تھا۔ تاہم کورونا وائرس اور سفری پابندیوں کے باوجود جرمنوں کی اس خواہش میں اضافہ ہی ہوا ہے اور اب بیالیس فیصد جرمن باشندے یہ خواہش رکھتے ہیں۔
فطرت سے قربت، 42 فیصد
قدرتی ماحول میں زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی خواہش رکھنے والے جرمنوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سن دو ہزار سترہ میں سروے میں شامل تقریباﹰ چالیس فیصد جرمن شہری قدرتی ماحول میں زیادہ وقت گزارنا پسند کرتے تھے جبکہ سن دو ہزار بیس میں یہ شرح بڑھ کر تقریباﹰ بیالیس فیصد ہو گئی۔
مذہب اور عقیدہ، 25 فیصد
سن دو ہزار بیس میں جن جرمن شہریوں کے انٹرویوز کیے گئے، ان میں سے پچیس فیصد کا کہنا تھا کہ مذہب اور عقیدہ ان کے لیے اہم ہے۔ سن دو ہزار سترہ اور انیس کے مقابلے میں اس شرح میں قدرے اضافہ ہوا ہے۔
سیاسی سرگرمیاں، 11 فیصد
سروے میں شامل گیارہ فیصد افراد نے اپنی زندگی میں سیاسی سرگرمیوں کو اہم قرار دیا۔ حالیہ تین برسوں کے دوران سیاسی معاملات میں دلچسپی لینے والے جرمنوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔