1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اتحاد کے لیے رقم دینے پر تیار تھا، ڈیر شپیگل

2 اکتوبر 2011

جرمن جریدے ڈیرشپیگل کے مطابق ساٹھ کی دہائی میں مغربی جرمنی کی اس وقت کی حکومت دونوں جرمن حصوں کے اتحاد کے لیے سابق سوویت یونین کو رقم ادا کرنے پر تیار تھی۔

https://p.dw.com/p/12kRC
تصویر: picture alliance/dpa

ہفت روزہ ڈیر شپیگل کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 60 کے عشرے میں اس وقت کے جرمن چانسلر لُڈوِگ ایرہارڈ کو امید تھی کہ وہ رقم کے بدلے مشرقی اور مغربی جرمنی کو دوبارہ متحد کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایرہارڈ سابق سویت یونین کو دس برسوں تک دو ارب ڈالر سالانہ ادا کرنے کو تیار تھے۔

 لُڈوِگ ایرہارڈ کا تعلق کرسچن ڈیموکریٹک یونین سے تھا اور وہ 1963ء سے لے کر 1966ء تک جرمنی کے چانسلر رہے تھے۔ اُس دور میں چانسلر کے دفتر کے ایک ملازم نے ڈیر شپیگل کو بتایا کہ ایرہارڈ چاہتے تھےکہ 100ارب جرمن مارک کی پیشکش کر کے سابق سوویت یونین کو اس اتحاد پر راضی کیا جائے۔

امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی نئی دستاویزات کے مطابق اسے ’ایرہارڈ منصوبے‘ کا نام دیا گیا تھا۔ جرمن حکام کی کوشش تھی کہ امریکہ اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کرے۔ اس وجہ سے اس وقت کے امریکی سفیر کو ان تمام تفصیلات سے آگاہ کیا گیا تھا۔ ڈیر شپیگل کے مطابق امریکی سفارت کاروں کو جب جرمن منصوبے کا علم ہوا تو انہوں نے اسے غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر امریکیوں نے مشورہ دیا کہ ایرہاڈر منصوبے کے بارے میں سابق سویت یونین کی  کمیونسٹ پارٹی سے رجوع کیا جائے۔

Ludwig Erhard Porträt
سابق جرمن چانسلر لُڈوِگ ایرہارڈتصویر: AP

دوسری عالمی جنگ کے خاتمے پر جرمنی دو مختلف ریاستوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔ دو مختلف ملکوں میں تقسیم کے کئی عشرے بعد مشرقی  حصے جسے ’عوامی جمہوریہ جرمنی‘ اور مغربی جرمنی جسے ’ وفاقی جمہوریہ جرمنی‘  کہا جاتا تھا ،کا اتحاد تین اکتوبر سن  1990 کو عمل میں آیا۔ دیورا برلن 28 سے زائد برس تک جرمنی کی تقسیم کا نشان بنی رہی۔ اس متنازعہ دیوار کی تعمیر13 اگست 1961ء کو شروع ہوئی تھی۔ اس دیوار کو 9 نومبر 1989ء کو گرادیا گیا تھا، جس کے بعد ایک پر امن انقلاب کے ذریعے سے جرمنی کے دونوں حصوں کا اتحاد ممکن ہو سکا تھا۔

 

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں