1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمجرمنی

جرمنی: اسٹریٹ پارٹی میں چاقو سے حملہ، تین افراد ہلاک

24 اگست 2024

جرمن پولیس اُس حملہ آور کی تلاش میں ہے، جس نے چاقو سے وار کرتے ہوئے تین افراد کو ہلاک اور دیگر آٹھ کو شدید زخمی کر دیا ہے۔ یہ حملہ اس وقت ہوا، جب زولنگن شہر کے قیام کی 650ویں سالگرہ منائی جا رہی تھی۔

https://p.dw.com/p/4jsG3
جرمنی کے مغربی شہر زولنگن میں جمعے  اور ہفتے کی درمیانی شب چاقو کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک اور دیگر آٹھ شدید زخمی ہو گئے
جرمنی کے مغربی شہر زولنگن میں جمعے  اور ہفتے کی درمیانی شب چاقو کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک اور دیگر آٹھ شدید زخمی ہو گئےتصویر: Thilo Schmuelgen/REUTERS

جرمنی کے مغربی شہر زولنگن میں جمعے  اور ہفتے کی درمیانی شب چاقو کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک اور دیگر آٹھ شدید زخمی ہو گئے۔ یہ شہر جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں واقع ہے۔ پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے، ''مشتبہ شخص کو تلاش کرنے کے لیے ایک بڑی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ مشتبہ شخص ہنگامے اور لوگوں میں خوف و ہراس کی وجہ سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ اس حملے کے فوراً بعد اسٹریٹ پارٹی میں بھگدڑ مچ گئی تھی۔‘‘

پولیس نے ہفتے کی صبح ایک 15 سالہ لڑکے کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس لڑکے کو حملے کا قبل از وقت علم تھا لیکن اس نے پولیس کو مطلع نہیں کیا تاہم یہ لڑکا مرکزی ملزم نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق شہر کی 650 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر ایک شخص نے اچانک راہگیروں پر چاقو سے وار کرنا شروع کر دیے۔ مقامی اخبار ''زولنگر ٹاگے بلاٹ‘‘ نے اطلاع دی ہے کہ تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور آٹھ ذخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک ہے۔

جرمنی کے مغربی شہر زولنگن میں جمعے  اور ہفتے کی درمیانی شب چاقو کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک اور دیگر آٹھ شدید زخمی ہو گئے
جرمنی کے مغربی شہر زولنگن میں جمعے  اور ہفتے کی درمیانی شب چاقو کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک اور دیگر آٹھ شدید زخمی ہو گئےتصویر: Thilo Schmuelgen/REUTERS

اس حملے کے بعد زولنگن شہر کی انتظامیہ نے اپنی 650ویں سالگرہ کی تمام تر تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔

پولیس کا وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن

یہ واقعہ شہر کے وسط میں واقع ایک بازار 'فرون ہوف‘ میں پیش آیا، جہاں لائیو میوزک کے لیے اسٹیج بنایا گیا تھا جبکہ رات ساڑھے نو بجے کے فوراً بعد پولیس کو الرٹ کر دیا گیا تھا۔ حملے کے بعد حکام نے تمام افراد کو شہر کے مرکز سے نکل جانے کا حکم دے دیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے سرچ آپریشن کا اعلان کر دیا تھا جبکہ شہر سے باہر جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا۔

جرمنی کے مغربی شہر زولنگن میں جمعے  اور ہفتے کی درمیانی شب چاقو کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک اور دیگر آٹھ شدید زخمی ہو گئے
جرمنی کے مغربی شہر زولنگن میں جمعے  اور ہفتے کی درمیانی شب چاقو کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک اور دیگر آٹھ شدید زخمی ہو گئےتصویر: Thomas Banneyer/dpa/picture alliance

جرمن روزنامہ بلڈ کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے لیس خصوصی اہلکاروں کی تقریباً 40 گاڑیاں زولنگن میں تعینات کر دی گئی ہیں۔

اس واقعے نے تہوار میں شرکت کرنے والوں کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ وہ اسٹیج کے سامنے کھڑا تھا، جب اس سے چند میٹر کے فاصلے پر یہ حملہ ہوا۔ لارس برائٹسکے نامی اس عینی شاہد کے مطابق اسے گلوکار کے چہرے کے تاثرات سے پتا چلا کہ کچھ گڑ بڑ ہے، ''اور پھر ایک شخص مجھ سے صرف ایک میٹر کے فاصلے پر نیچے گرا۔ پہلے مجھے خیال آیا کہ اس نے بہت زیادہ شراب پی لی ہے۔ لیکن جب میں نے ارد گرد دیکھا تو لوگ خون میں لت پت تھے۔‘‘

لارس برائٹسکے خود اس حملے میں محفوظ رہا ہے۔

ابھی تک مشتبہ شخص کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے اور پولیس حملے کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔

ا ا / ش ر (ڈی پی اے، روئٹرز، اے پی)