جرمنی، انتہائی دائیں بازو کا گروپ کالعدم قرار
1 دسمبر 2020جرمن پولیس کی طرف سے تین صوبوں میں Sturmbrigade 44 نامی انتہائی دائیں بازو کے خیالات کا پرچار کرنے والے گروپ کے ممبران کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔
حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے منگل کے دن اس گروپ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا کہ اس گروپ کے ممبران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: جرمن پولیس میں انتہا پسندی، تین درجن سے زائد اہلکار ملوث
یوں اس گروپ کے ممبران کے اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے اور پراپیگنڈا مواد ضبط کر لیا جائے گا۔ ساتھ ہی دائیں بازو کے انتہاپسندانہ ڈھانچے کے خلاف مزید شواہد اکٹھے کیے جائیں گے۔
جرمن وزیر دفاع کے ترجمان سٹیو آلٹر نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا، ''جو کوئی بھی ہمارے معاشرے کی بنیادی لبرل اقدار کی خلاف وزری کرے گا، اس کے خلاف آئینی جمہوریت کے تحت فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔‘‘
گزشتہ برس جولائی میں متعدد جرمن صوبوں میں اس انتہا پسند گروپ کے ممبران کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ حکام کو شبہ تھا کہ اس گروپ نے 'وولفس برج‘ نامی آرگنائزئشن کے تحت ایک ذیلی گروپ بنا رکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: جرمنی میں دائیں بازو کی انتہا پسندی، دہشت گردی کی نئی قسم
اس گروپ کا علی العلان نعرہ تھا کہ 'جرمن اخلاقی قوانین‘ کو ختم کرتے ہوئے 'آزاد فادر لینڈ کا احیاء‘ کیا جائے، چاہے اس کے لیے طاقت کا ہی استعمال کیوں نہ کرنا پڑے۔
جرمن حکام نے بتایا ہے کہ ہیسے، لوئر سیکسنی اور نارتھ رائن ویسٹ فلیا میں چھاپے مارے گئے۔ سیکسنی انہالٹ میں بھی ایسی ہی کارروائی کا منصوبہ بنایا گیا تھا تاہم مناسب شواہد نہ ہونے کے باعث علاقائی کورٹ نے اس کارروائی کو خارج از امکان قرار دے دیا تھا۔
ع ب / ع س / خبر رساں ادارے