1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور فرانس روس کا تعاون حاصل نہ کر سکے

19 اکتوبر 2010

فرانس اور جرمنی نیٹو کے دفاعی میزائل منصوبے پر روس کا تعاون حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ماسکو حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی فیصلے سے پہلے اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Phha
انگیلا میرکل، نکولا سارکوزی اور دیمتری میدویدیفتصویر: AP

جرمنی، فرانس اور روس کے حکام کے مابین دفاعی میزائل منصوبے سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت پیر سے جاری تھی، جو منگل کو اختتام کو پہنچی۔ روسی صدر دیمتری میدویدیف، فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے درمیان یہ ملاقات فرانس کے تفریحی مقام Deauville میں ہوئی۔ اس اجلاس میں یورپی سلامتی پر غور کیا گیا۔ یورپی خارجہ امور میں روس کے کردار اور نیٹو کے ساتھ ماسکو حکومت کے تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔

Frankreich Deutschland Russland Merkel Sarkozy Deauville Frankreich
فرانسیسی صدر جرمن چانسلر کا استقبال کر رہے ہیںتصویر: AP

اس ملاقات میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے روسی صدر دیمتری میدویدیف کو نیٹو کے دفاعی میزائل منصوبے میں شریک ہونے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم بعدازاں میدویدیف نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ اس حوالے سے کسی بھی فیصلے سے قبل انہیں کچھ سوالوں کے جواب چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بھی جاننا چاہیں گے کہ اس نظام میں ماسکو کی شراکت کس نوعیت کی ہو گی۔

دوسری جانب روسی صدر نے نیٹو کے آئندہ ماہ لزبن میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے، جس کا نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندرس فوگ راسموسن نے خیرمقدم کیا ہے۔

آج کے اجلاس میں خطے میں یورپی یونین کے رکن ممالک اور روس کے درمیان سفری بندشوں کے خاتمے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ فرانس میں صدارتی دفتر کے جاری کردہ ایک اعلامئےمیں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں روس اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی اور انسانی امور کی سطح پر تعاون پر بھی غور کیا گیا۔

میرکل، سارکوزی اور میدویدیف نے اس ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ میں قیام امن کے عمل اور ایران کے تنازعے پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر تہران حکام پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ضوابط کی پاسداری کریں۔

Merkel Sarkozy Medwedew Deauville Gipfel NO FLASH
میرکل، سارکوزی اور میدویدیف نیوز کانفرنس کے دورانتصویر: AP

واضح رہے کہ ماسکو میں حکام چاہتے ہیں کہ یورپی یونین روسی شہریوں کے لئے ویزا شرائط نرم کرے جبکہ یورپی یونین کے رکن ممالک روس کے شعبہ گیس اور معیشت تک واضح رسائی چاہتے ہیں۔

نیٹو اتحاد آئندہ ماہ لزبن کے اجلاس میں سلامتی کے حوالے سے نئے تصور پیش کرے گا۔ مغربی رہنما اس تصور کے لئے ماسکو کی حمایت حاصل کرنے کی اُمید کر رہے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں