جرمنی اور موسم سرما کے اہم تہوار
جرمنی میں سارا سال منائے جانے والے مختلف تہوار مختلف روایتوں کے امین ہیں۔ موسم خزاں کی موج مستی کی سرگرمیوں کا اپنا رنگ ہے۔ یہ رنگ برنگے تہوار خزاں، روشنی، آزادی اور مذہب سے جڑے ہیں۔
شکرانے کی خوراک
جرمنی میں فصلوں کی کٹائی کے بعد اکتوبر کے پہلے اتوار کو شکرانے کی عبادت اور خوراک کے طور پر منایا جاتا ہے۔ فصلوں کی کٹائی میں کدو کی کٹائی سے نئی شراب کی تیاری بھی شامل ہے۔ کٹائی کا سلسلہ ستمبر میں شروع ہو جاتا ہے اور اکتوبر میں پوری طرح مکمل ہو جاتا ہے۔
مشرقی اور مغربی جرمنی کا اتحاد
جرمن تاریخ کے ساتھ ساتھ عالمی تاریخ میں دیوار برلن کا انہدام ایک بہت بڑا واقعہ ہے۔ یہ نو نومبر سن 1989 کو رونما ہوا تھا۔ جرمن دارالحکومت برلن کا برانڈن برگ گیٹ اس تاریخی واقعے کی ایک یادگاری علامت ہے۔ دیوار برلن کا انہدام آزادی کا استعارہ بھی خیال کیا جاتا ہے۔
جرمنی کا یوم اتحاد
جرمنی میں ہر سال تین اکتوبر یوم اتحاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کئی شہروں میں آتش بازی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ کئی جرمن شہری یوم اتحاد کو جرمن سیاستدانوں کی نگاہ سے دیکھنے کے بجائے بستر میں آرام کرتے ہوئے گزارتے ہیں۔ اسی روز حالیہ برسوں میں انتہائی دائیں بازو کے فعال افراد خاص طور پر ڈریسڈن شہر میں مظاہرے کا اہتمام بھی کرتے ہیں۔
بالغ افراد کی ہالووین پارٹی
31 اکتوبر کی رات میں منایا جانے والا تہوار ہالووین قدیمی آئرش تہذیب کی روایت ہے۔ یہ گرمیوں کے خاتمے اور تاریک موسم کے آغاز پر منایا جاتا ہے۔ روایت کے مطابق اس رات زندہ لوگوں اور مرے ہوئے افراد کے درمیان سرحد مٹا دی جاتی ہے۔ لوگ بدی کی روحوں کو بھگانے کے لیے مختلف ملبوسات استعمال کرتے ہیں۔ جرمنی میں یہ تہوار مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ تصویر میں مشہور جرمن ماڈل ہائیڈی کلُوم ہالووین کاسٹیوم میں ہیں۔
بچوں کی ہالووین
ایک طرف بالغ افراد بون فائر اور پارٹیوں میں شرکت کرتے ہیں تو دوسری جانب بچے پارکوں اور چڑیا گھر کا رخ کرتے ہیں۔ ان مقامات پر ہالووین کی روایت میں خاص آرائش بھی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بچے اپنے محلوں اور گلیوں کے گھروں پر جا کر گیت گا کر چاکلیٹوں کے ساتھ ساتھ دوسری سویٹس بھی اکٹھی کرتے ہیں۔
سینٹس کے دن کا تہوار
جرمنی میں پہلی نومبر کو مسیحی عقیدے کے ولیوں یا سینٹس کا دن منایا جاتا ہے۔ یہ خالصتاً ایک مذہبی تہوار ہے۔ یہ اُن تین مختلف تہواروں کا حصہ ہے جن کی ابتدا اکتیس اکتوبر سے ہوتی ہے۔ ان میں اکتیس اکتوبر کو ہالووین اور دو نومبر کو روحوں کے مقدس دن کا تہوار بھی شامل ہیں۔ مسیحی عقیدے کے حامل افراد پہلی نومبر کو قبرستانوں میں جا کر اپنے بچھڑے ہوئے عزیز و اقارب کی قبروں پر شمعیں جلاتے ہیں۔
سینٹ مارٹنز ڈے
گیارہ نومبر سینٹ مارٹن کے دن سے یاد کیا جاتا ہے۔ اسکولوں کے کم سن بچے یاگاری پریڈ میں اپنے ہاتھوں سے بنائی گئی رنگ برنگی ٹوکریوں میں شمعیں جلا کر پریڈ کا حصہ بنتے ہیں۔ اس پریڈ کا اختتام ایک بون فائر پر ہوتا ہے۔ اس موقع پر ایک شخص سرخ کیپ پنے ہوئے سینٹ مارٹن کا کردار ادا کرتا ہے۔ سینٹ مارٹن چوتھی صدی عیسوی کی ایک یورپی مذہبی شخصیت تھے۔
ہنس کی نظمیں
سینٹ مارٹنز کے دن ہنس کا گوشت پکانا اور کھانا بھی قدیمی روایت ہے۔ کھانے کی میز پر ہنس پرندے کی نظمیں گانا بھی اسی روایت کا حصہ ہے۔ ہنس کا گوشت کھانے کی روایت تب چلی تھی جب سینٹ مارٹن کو بشپ بنایا گیا تھا۔
باربرا کی شاخوں کا دن
یہ چار دسمبر کا ایک تہوار ہے۔ یہ دن سینٹ باربرا کا تہوار خیال کیا جاتا ہے۔ اس دن چیری درخت کی شاخ یا کسی پھلدار پودے کی ایسی شاخ جس پر شگوفہ پھوٹا ہوا ہو، کو کاٹ کر گلدان میں سجایا جاتا ہے۔ سینٹ باربرا چار دسمبرکو مسیحیت کے مخالفین نے ہلاک کر دیا تھا۔
یومِ سینٹ نکولس
یہ چھ دسمبر کو جرمن شہروں، قصبوں اور دیہات کے اسکولوں میں خاص طور پر منایا جاتا ہے۔ سینٹ نکولس اور ٹافیاں بچوں کے لیے لازم و ملزم ہیں۔ اسی باعث اس روز بچے سویٹس کے منتظر ہوتے ہیں۔ سینٹ نکولس چوتھی صدی کے پادری تھے اور ضرورتمندوں کی مدد کرنے کی وجہ سے مشہور تھے۔