جرمنی: دو دنوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد دو گُنا
2 مارچ 2020کورونا وائرس کی نئی قسم سے اب تک دنیا بھر میں 89 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس وائرس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3000 سے تجاوز کر چکی ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں اس وائرس سے متاثرین کی تعداد 80,026 ہے جبکہ وہاں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2912 ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں مرکزی صوبہ ہوبے میں ہوئیں۔ اسی صوبے کے ایک شہر ووہان میں یہ وائرس پہلی مرتبہ گزشتہ برس کے آخر میں سامنے آیا تھا۔
چین کے بعد اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر جنوبی کوریا ہوا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 4,212 ہے جبکہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہے۔ یورپی ملک اٹلی میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد 1,694 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 34 تک پہنچ گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کووِڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد 978 اور ہلاکتوں کی تعداد 54 ہے۔
جرمنی میں گزشتہ دو روز کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں قریب دو گُنا اضافہ ہوا ہے۔ ہفتہ 29 فروری کو جرمنی میں متاثرین کی تعداد 66 بتائی گئی تھی جو آج پير دو مارچ کو بڑھ کر 130 تک پہنچ گئی ہے۔ متاثرین کی زیادہ تر تعداد جرمن صوبہ نارتھ رائن ویسیٹ فیلیا سے تعلق رکھتی ہے۔
اس کے علاوہ فرانس میں بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 130 ہے جبکہ وہاں اب تک دو ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
کووِڈ 19 کے سبب اقتصادی نقصانات
کورونا وائرس کی اس نئی قسم سے عالمی سطح پر معاشی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ یورپ کی سیاحتی صنعت کو نقصان پہنچا ہے اور یہ وباء پھیلنے سے اب تک یورپی ٹورازم انڈسٹری کو ماہانہ ایک بلین یورو کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ جبکہ ہوا بازی کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق مختلف ایئر لائنز کو اس برس کم از کم بھی 1.3 بلین یورو کا نقصان ہو گا۔
فرانسیسی وزیر خزانہ برونو لے مائر کے مطابق فرانسیسی معیشت کو قبل ازیں لگائے گئے اندازوں سے کہیں زیادہ نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ دو ہفتے قبل اس نقصان کا اندازہ شرح نمو میں 0.1 فیصد کمی کا لگایا گیا تھا۔
اسی تناظر میں دنیا کی سات سب سے بڑی معیشتوں کے گروپ جی سیون اور یورو زون کے وزرائے خزانہ بدھ چار مارچ کو ایک کانفرنس کال کے ذریعے تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ا ب ا / ع س (خبر رساں ادارے)