1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی روس کا ’قیدی‘ بن چکا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

11 جولائی 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بالٹک خطے میں روسی پائپ لائن کے لیے جرمن حمایت پر برلن حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ٹرمپ اس سے قبل جرمنی پر متعدد امور کے حوالے سے برہمی کا اظہار کر چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/31G8G
US-Präsident Trump fliegt nach Brüssel
تصویر: picture-alliance/dpa/AP/E. Vucci

امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز جرمنی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی روس کا ’قیدی‘ ہے۔ ٹرمپ نے برلن حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ دفاعی بجٹ میں اضافے میں ناکام رہی ہے۔

ٹرمپ نے بدھ کو برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہی اجلاس میں شرکت سے قبل نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ کے ہم راہ صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ یہ نہایت ’نادرست‘ بات ہے کہ امریکا یورپ کو روس سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھاری سرمایہ خرچ کر رہا ہے، جب کہ یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی ماسکو کے ساتھ گیس معاہدوں کی حمایت کر رہی ہے۔

ٹرمپ اور پوٹن کی ملاقات، جیت کس کی؟

نازیوں نے یہودیوں کو ملک بدر نہیں کیا تھا، امریکی اٹارنی جنرل

ٹرمپ اس سربراہی اجلاس کے موقع پر آج شام جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے بھی ملاقات کریں گے، جب کہ پیر کو ٹرمپ کی ملاقات فن لینڈ کے شہر ہیلسنکی میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بھی ہو گی۔

یہ بات اہم ہے کہ جرمنی نے بالٹک خطے میں گیارہ ارب ڈالر لاگت سے بچھائی جانے والی نئی گیس پائپ لائن کی تنصیب کے لیے سیاسی معاونت فراہم کی ہے۔ نورڈ اسٹیم ٹو نامی روسی پائپ لائن کی تنصیب پر جرمن حمایت کے مقابلے میں متعدد یورپی ریاستوں کو تحفظات  ہیں۔

میرکل تاہم یہ بھی کہہ چکی ہے کہ یہ منصوبہ نجی تجارتی اشتراک عمل کا نتیجہ ہے اور اس کے لیے جرمن ٹیکس دہندگان کا پیسہ استعمال نہیں کیا جا رہا۔

ٹرمپ نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ’’ایک طرف ہم سے توقع کی جاتی ہے کہ ہم روس سے یورپ کو تحفظ فراہم کریں اور دوسری جانب جرمنی سالانہ بنیادوں پر روس کو اربوں ڈالر ادا کر رہا ہے اور اس کے ساتھ تیل اور گیس کے بڑے بڑے معاہدے کر رہا ہے۔‘‘

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا، ’’ہم جرمنی کا دفاع کر رہے ہیں، ہم فرانس کا دفاع کر رہے ہیں، ہم ان تمام ممالک کا دفاع کر رہے ہیں اور پھر ان میں سے کئی ملک نکلتے ہیں اور روس کے ساتھ پائپ لائن کے منصوبے بنا کر روس کو اربوں ڈالر ادا کرنے لگتے ہیں۔‘‘

ٹرمپ کے بہ قول، ’’یعنی آپ چاہتے ہیں کہ ہم آپ کو روس سے تحفظ فراہم کریں اور آپ اربوں ڈالر روس کو ادا کر دیں۔ میرے خیال میں یہ نہایت نامناسب بات ہے۔‘‘

ع ت / الف الف (روئٹرز)