1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی سے اپنی فوج منتقل کر دیں گے، امریکی دھمکی

9 اگست 2019

جرمنی میں امریکی سفیر نے ایک مرتبہ پھر جرمن دفاعی اخراجات کے معاملے پر تنقید کی ہے۔ امریکی سفیر نے اپنے بیان میں جرمنی میں متعین اپنی فوج کو کسی دوسرے یورپی ملک منتقل کرنے کی دھمکی کو بھی دہرایا۔

https://p.dw.com/p/3Neb4
Ramstein Air Base bei Nacht
امریکا کا یورپ میں سب سے اہم فضائی اڈہ بھی جرمنی کے جنوب مغرب میں رامشٹائن کے مقام پر ہےتصویر: Getty Images/AFP/J.-C. Verhaegen

جرمن دارالحکومت برلن میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ گرینیل نے دبے الفاظ میں جرمن حکومت کے دفاعی اخراجات پر ایک مرتبہ پھر تنقید کی ہے۔ گرینیل کا کہنا ہے کہ امریکی شہریوں کی جانب سے ادا کردہ ٹیکس کی رقوم سے جرمنی میں امریکی فوج کو تنخواہ دی جاتی ہے جب کہ برلن حکومت اپنی اضافی آمدن کو اندرونی معاملات کو بہتر کرنے پر خرچ کر رہی ہے۔

امریکی سفیر نے جرمنی میں موجود امریکی فوج کو کسی دوسرے یورپی ملک منتقل کرنے کی سابقہ دھمکی کو بھی ایک مرتبہ پھر دہرایا۔ جرمنی میں پچاس ہزار سے زائد امریکی فوج متعین ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ رواں برس پولینڈ کے صدر آندرژ دُودا کے امریکی دورے کے موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی سے پولینڈ میں فوج منتقلی کرنے کا اشارہ دیا تھا۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ جرمنی براعظم یورپ میں سب سے زیادہ امریکی افواج کا حامل ملک ہے۔ جاپان کے بعد سب سے زیادہ امریکی فوجی جرمنی ہی میں متعین ہیں۔ جنوبی کوریا میں بھی تیس ہزار سے زائد امریکی فوج تعینات ہیں۔

Eingang US-Hauptquartier EUCOM in Stuttgart Vaihingen Schild
امریکا کا براعظم یورپ اور افریقہ کے لیے کمان کا مرکز جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں قائم ہےتصویر: AP

اُدھر پولینڈ میں متعین امریکی سفیر جیورجاٹے موسباخر نے جمعرات آٹھ اگست کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ پولستانی حکومت اپنی وہ کمٹ منٹ پوری کر رہی ہے یعنی مغربی دفاعی اتحاد کے لیے اپنےمجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد باقاعدگی سے ادا کر رہی ہے جب کہ جرمنی اس کمٹ منٹ پر عمل کرنے سے قاصر ہے۔ امریکی سفیر نے پولینڈ میں امریکی فوجیوں کی ممکنہ تعیناتی کا ابھی سے خیر مقدم کر دیا ہے۔

جرمن میں متعین امریکی سفیر کے کلمات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکی صدر رواں مہینے کے اختتام پر یورپ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس یورپی دورے کے دوران ٹرمپ جرمنی نہیں آئیں گے۔ امریکی سفیر نے اپنے تازہ بیان میں پولینڈ میں امریکی سفیر کے ٹویٹ کو بھی درست قرار دیا۔

امریکا کا براعظم یورپ اور افریقہ کے لیے کمان کا مرکز جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں قائم ہے۔ اسی طرح امریکا کا یورپ میں سب سے اہم فضائی اڈہ بھی جرمنی کے جنوب مغرب میں رامشٹائن کے مقام پر ہے۔ امریکا اس پر بھی ناراض ہے کہ جرمنی نے خلیج میں امریکی عسکری مشن میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے۔

ع ح، ع آ ⁄  ڈی پی اے، نیوز ایجنسیاں