1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی، مسلمانوں کو تابوت کے بغیر تدفین کی اجازت

1 اپریل 2021

جرمن ریاست بائرن میں مسلمانوں کی تدفین کے لیے تابوت کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اس کا مقصد مسلم روایات کے مطابق تدفین ممکن بنانا اور مسلمان برادری کا معاشرے میں انضمام ہے۔

https://p.dw.com/p/3rUSB
Symbolbild Muslimische Gräber
تصویر: Hauke-Christian Dittrich/dpa/picture alliance

جرمنی کی ریاست بائرن میں یکم اپریل سے تدفین کے لیے تابوت کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت مین شامل جماعت ایس پی ڈی  کے پارلیمانی گروپ برائے انضمام کے ترجمان عارف تشدلین نے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا، ''اس کے لیے گزشتہ چند برسوں کے دوران ہمیں بہت کوشش کرنا پڑی ہے۔ آخر کار اب مسلمان اپنی روایات اور مذہب کے مطابق تدفین کر سکیں گے۔‘‘

کئی برسوں کی جدوجہد

تدفین کے حوالے سے قانون میں تبدیلی کی منظوری سے کئی برس پہلے ہی متعدد قبرستانوں کی انتظامیہ نے کہا تھا کہ انہیں اس حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ میونخ شہر کی انتظامیہ کی طرف سے گزشتہ پندرہ برسوں سے یہ کوشش جاری تھی کہ مسلمانوں کو تابوت کے بغیر تدفین کی اجازت دی جائے۔

قانون میں اس تبدیلی کو مسلمان انضمام اور قبولیت کی پالیسی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ جرمن ریڈیو بائرن سے گفتگو کرتے ہوئے عارف تشدلین کا کہنا تھا، ''ہر کسی کو وقار کے ساتھ تدفین کا حق حاصل ہے تاکہ وہ اپنی آخری رسومات کے بارے میں خود فیصلہ کر سکیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون میں یہ تبدیلی اس بات کی علامت ہے کہ بیرونی ممالک سے آ کر یہاں آباد ہونے والوں کی قدر کی جاتی ہے۔

ایس پی ڈی پارٹی کی جانب سے یہ معاملہ سن 2009ء میں بھی اٹھایا گیا تھا لیکن ریاستی پارلیمان اس قانون میں تبدیلی کی اجازت دینے سے انکار کرتی آئی تھی۔ یہاں تک کہ دس برس بعد سن 2019ء میں ریاستی پارلیمان نے ذمہ دار وزارت کو احکامات جاری کیے کہ وہ مذہبی اور نظریاتی بنیادوں پر اس قانون میں نرمی پیدا کرے۔ اس وقت جنازے سے متعلق آرڈینیس میں تبدیلی تو کر لی گئی لیکن اس کا نفاذ آج یکم اپریل سے ممکن ہوا ہے۔

جرمنی میں تدفین کے حوالے سے قانون سازی کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔ اس حوالے سے زیادہ تر اختیارات ریاستوں کے پاس ہیں جبکہ میونسپل انتظامیہ کو بھی مقامی قبرستانوں کے قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔ جرمنی کی اب صرف دو ریاستیں ایسی باقی بچی ہیں، جہاں اب بھی تابوت کے بغیر تدفین کی اجازت نہیں ہے۔

قبرستانوں میں تبدیلی

تمام تر تاخیر کے باوجود ریاست بائرن کے قبرستانوں میں مسلمانوں کے لیے مختص جگہ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ متعدد قبرستانوں میں مسلمانوں کو الگ جگہ فراہم کر دی گئی ہے۔ میونخ کے والڈ فریڈہوف نامی قبرستان میں سن 1959 میں ہی مسلمانوں کو مردے دفنانے کی اجازت دی گئی تھی لیکن وہاں بھی تابوت کے ساتھ تدفین کی پابندی تھی۔ تاہم وہاں مسلمانوں کو یہ اجازت فراہم کی گئی تھی کہ وہ میت کا رخ مکہ کی طرف کر سکتے ہیں۔

ا ا / ش ج (ڈی پی اے، بی آر 24)