جرمنی میں 47 کرپٹو کرنسی ایکسچینجز بند
19 ستمبر 2024جرمنی میں فوجداری مقدمات اور سائبر سکیورٹی کے سرکردہ تفتیش کاروں نے منی لانڈرنگ کے الزامات پر 47 کرپٹو کرنسی ایکسچینجز کو بند کر دیا ہے۔ انسداد جرائم کے وفاقی جرمن ادارے (بی کے اے)، انٹرنیٹ پر کیے جانے والے جرائم سے نمٹنے کے مرکزی ادارے (زیڈ آئی ٹی) اور فرینکفرٹ پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے آج 19 ستمبر بروز جمعرات کو ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ جن ایکسچینج سروسز کے آپریشنز بند کیے گئے ہیں ان کے مالکان پر منی لانڈرنگ سے نمٹنے کے لیے قانونی تقاضوں پر عمل درآمد میں ناکامی اور بڑے پیمانے پر مجرمانہ طور پر حاصل کیے گئے فنڈز کی اصلیت جان بوجھ کر چھپانے کے الزامات ہیں۔
تفتیش کاروں نے کہا کہ ان کرپٹو ایکسچینج سروسز نے رجسٹریشن کا عمل انجام دیے بغیر اور شناخت کے ثبوت کی جانچ کیے بغیر رقوم کے لین دین کی اجازت دی۔ تفتیش کاروں نے بتایا کہ بند کی جانے والی یہ تمام ایکسچینج سروسز جرمنی میں چلائی جا رہی تھیں۔
حکام کے مطابق گمنام مالی لین دین کرنے والی ایکسچینج سروسز منی لانڈرنگ کا سبب بنتی ہیں، جو سائبر جرائم کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس طرح کے پلیٹ فارم کے صارفین میں مبینہ طور پر ڈارک نیٹ ڈیلر اور بوٹ نیٹ آپریٹرز شامل ہو سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق اس طرح کی سروسز کے ذریعے تاوان کی رقم یا مجرمانہ سرگرمیوں کے ذریعے حاصل کی گئی دیگر آمدنی کو قانونی پر زیر گردش رقم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
ش ر⁄ اب ا (ڈی پی اے)