جرمنی میں سیلاب اور سیاست
گزشتہ کئی برسوں سے جرمنی میں سیلاب اکثر آنے لگا ہے، ساتھ ہی سیاستدانوں کا متاثرہ مقامات کا جائزہ لینے کے لیے دورے کرنا بھی معمول بنتا جا رہا ہے۔ بعض اوقات یہ سیاسی دورے تاریخی لمحات بن جاتے ہیں۔
ہیلمُٹ شِمٹ، ہیمبرگ، 1962 ء
جرمنی کے بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں فروری 1962ء میں بحیرہ شمال کے تباہ کن سیلاب میں 300 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس وقت شہری ریاست ہیمبرگ کے وزیر داخلہ ہیلمٹ شِمٹ تھے، جو بعدازاں وفاقی چانسلر بن گئے۔ شِمٹ کے کیرئر کا یہ ایک اہم موڑ تھا۔ وہ جس طرح اس بحران سے نمٹے، خاص طور پر آئینی رکاوٹ کے باوجود فوج کی مدد طلب کرنے کے فیصلے سے انہیں ملک بھر میں مقبولیت ملی۔
ہیلمُٹ کوہل، برانڈن برگ، 1997 ء
جرمنی کے ’ابدی چانسلر‘ ہیلمٹ کوہل اپنے دور اقتدار کے آخری مرحلے میں تھے، جب انہوں نے سن 1997 میں دریائے اوڈر میں بڑے پیمانے پر آنے والے سیلاب کے بعد مشرقی ریاست برانڈن برگ کا دورہ کیا تھا۔ اس سیلاب کی تباہی کو ’اتحاد کے سیلاب‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ کیونکہ مشرقی اور مغربی جرمنی کے دوبارہ اتحاد کے بعد یہ پہلا قومی بحران تھا۔
گیرہارڈ شروئڈر، گِریما، 2002 ء
گیرہارڈ شروئڈر کی قسمت اس وقت بدلی جب سن 2002 کے موسم گرما میں جرمن ریاست سیکسنی میں بارشیں ہوئیں۔ اس دوران سیلاب نے جرمنی اور آسٹریا میں تباہیاں مچائی تھیں۔ انتخابی مہم کی رفتار دھیمی پڑ گئی تو شروئڈر بارش کے بوٹ پہن کر مشرقی جرمنی کے قصبے گِریما میں ’کرائسس مینیجر‘ کے طور پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ایک ماہ بعد انتہائی معمولی برتری سے الیکشن جیت لیا۔
ایڈمُنڈ اِشٹوئبر، پاساؤ، 2002 ء
شروئڈر کے سیاسی حریف کرسچین سوشلسٹ یونین کے چانسلر امیدوار ایڈمُنڈ اشٹوئبر اس دوران پیچھے رہ گئے۔ کیونکہ وہ سیلاب کے دنوں کے دوران شمالی جرمنی میں تعطیلات منا رہے تھے۔ وہ چند دنوں کی تاخیر سے سیکسنی پہنچے لیکن تب تک شروئڈر سیاسی بازی مار چکے تھے۔
انگیلا میرکل، نوئے گارج، 2006 ء
جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے طویل دور اقتدار میں متعدد مرتبہ سیلاب سے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا ہے۔ لیکن ان کے دور حکومت میں پہلا سیلاب اپریل سن 2006 میں دریائے ایلبے کے قریبی علاقوں میں آیا تھا۔ میرکل نے کسی قسم کی تنقید سے پہلے ہی بروقت نوئے گارج نامی ایک گاؤں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔
انگیلا میرکل، ڈریسڈن ، 2013 ء
سن 2013 کے عام انتخابات سے چند ماہ قبل، موسم گرما میں اس بار مشرقی اور جنوبی صوبے سیلاب کی لپیٹ میں تھے۔ دریائے ایلبے سے نکلنے والے سیلابی پانی کے سبب ڈریسڈن کا تاریخی مرکز منہدم ہونے کا خطرہ تھا۔ میرکل نے سیکسنی اور باویریا کا دورہ کیا اور وفاقی امداد کا وعدہ کیا۔
آرمین لاشیٹ، ہاگن، 2021 ء
سی ڈی یو کے چانسلر امیدوار اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا صوبے کے وزیر اعلیٰ آرمین لاشیٹ نے سیلاب سے بری طرح متاثرہ شہر ہاگن کے دورے کے لیے دیگر تقریبات کو منسوخ کردیا۔ لاشیٹ کے سیاسی کیرئر کا یہ اہم مرحلہ ہے کیونکہ سیلاب کی تباہی کو ماحولیاتی تبدیلی کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے۔ لیکن لاشیٹ کو کوئلے کی صوبائی صنعت کے محافظ کی حیثیت سے دیکھا جاتا ہے۔ اس سے ان کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
اولاف شولز، باڈ نوئن آہر، 2021 ء
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے چانسلر امیدوار اولاف شولز نے سیلاب کی تباہی سے دوچار دوسرے مغربی صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کا اپنی سیاسی جماعت کے رہنماؤں کے ہمراہ دورہ کیا۔ شولز نے بطور وفاقی وزیر خزانہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے فوری طور پر وفاقی امداد کا اعلان کردیا۔ اس عمل کا ستمبر میں ہونے والے عام انتخابات پر اثر پڑے گا یا نہیں، یہ وقت بتائے گا۔