1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں یونان کے لئے امدادی پیکج منظور

7 مئی 2010

یونان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ جرمنی فرانس اور اٹلی میں امدادی پیکجز منظور کر لئے گئے ہیں جبکہ یونان میں احتجاج جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/NHd8
تصویر: AP

’یونان کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے‘ ان الفاظ کے ساتھ یونان کے وزیراعظم گیورگوس پاپاندریو نے ملکی پارلیمان سے اپنی حکومت کے بچتی پروگرام کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں کمی کے ساتھ ساتھ ٹیسکوں میں اضافے کے اس مالیاتی منصوبے کو ایتھنزمیں قومی پارلیمان کی جانب سے منظوری توحاصل ہو گئی،تاہم یونان میں ان حکومتی اقدامات کے خلاف احتجاج بھی جاری ہے۔ مزدوریونینوں اور شہری حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں نے اپنے مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مظاہروں اور شدید عوامی مخالفت کے باوجود بھی ایتھنز کی پارلیمان نے حکومت کا 30 ارب یورو کا بچتی منصوبہ منظورکر لیا۔ وزیراعظم پاپاندریو نے اس منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے یورپی ممالک بھی یونان کو دیوالیہ پن سے بچا نے کے حوالے سے بڑے فیصلے کر رہے ہیں۔ ہمیں ان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

NO FLASH Griechenland Athen Ausschreitungen
یونان میں مزدوریونینوں اور شہری حقوق کی تنظیموں نے مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہےتصویر: AP

یونان میں اس حکومتی منصوبے کو نہ صرف عوامی سطح پر ناپسند کیا جا رہا ہے بلکہ حکومتی حلقے بھی اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں۔ قدامت پسند اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی ہے جبکہ موجودہ حکومت میں شامل چھوٹی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اس پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

یورپی یونین میں یونان کے مالیاتی بحران کو بہت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ جرمن پارلیمان نے آج جمعے کو یونان کے لئے امدادی پیکج کی منظوری دے دی۔ 601 میں سے 390 ارکان نے اس بل کی حمایت جبکہ 72 نے مخالفت کی۔ 139 ارکان پارلیمان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ جرمنی یونان کو2012ء تک 22.4 ارب یورو کی امداد دے گا، جس میں سے 8.4 ارب یورو اسی سال ایتھنز حکومت کو دے دئے جائیں گے۔ اس طرح جرمنی یورو زون کی ریاستوں میں سے یونان کو سب سے زیادہ امداد دینے والا ملک ہو گا۔ جرمنی میں رائے عامہ کے تازہ جائزوں کے مطابق عوام کی اکثریت یونان کے لئے مالی امدادی پیکج کے خلاف ہے۔ زیادہ ترجرمن باشندوں کا موقف ہے کہ ایتھنز حکومت کے غلط اقدامات کی قیمت وہ کیوں چکائیں۔

Deutschland Bundestag Finanzkrise Griechenland Angela Merkel
زیادہ ترجرمن باشندوں کا موقف ہے کہ ایتھنز حکومت کے غلط اقدامات کی قیمت وہ کیوں چکائیںتصویر: AP

اس سے قبل فرانس کی جانب سے یونان کے لئے تجویز کردہ امدادی پیکیج کو پیرس میں پارلیمانی ایوان بالا کی جانب سے منظوری حاصل ہو گئی۔ فرانس ایتھنز کو اگلے تین برسوں میں 16.8ارب یورو کی امداد دے گا۔ اطالوی ذرائع ابلاغ کے مطابق روم حکومت نے یونان کے لئے ساڑھے پانچ ارب یورو کے ایک ہنگامی امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔

یونان اس بحرانی صورتحال میں’اتحاد کے بجائے انتشار‘کا شکار دکھائی دے رہا ہے، جوکوئی اچھی علامت نہیں ہے۔ یہ بات یونانی عوام کے لئے ہی نہیں بلکہ یورپی سطح پر بھی بہت بڑے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ یونانی بحران کا اثر یورپی معیشت پر بھی منفی انداز میں پڑ رہا ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد یونان کے حوالے سے کافی مجروح ہوا ہے جبکہ گزشتہ دنوں کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں یورپی مشترکہ کرنسی یورو کی قدرو قیمت میں بھی مسلسل کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اپنی اجتماعی تاریخ کے شدید ترین مالیاتی بحران کے سائے میں اتوار کو یورپی یونین کے رکن ملک اس اتحاد کے بنیادی خاکے کی ساٹھویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک