1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی نے پانچ ممالک کے لیے سرحد عارضی طور پر بند کر دی

16 مارچ 2020

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے جرمنی نے اپنی سرحدیں فرانس، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا، لکسمبرگ اور ڈنمارک کے لیے بند کر دی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3ZVeg
Polizeikontrollen an der Deutsch Französischen Grenze
تصویر: Reuters/C. Hartmann

براعظم یورپ میں کورونا وائرس کی وبا میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اسی تناظر میں عالمی ادارہ صحت نے یورپ کا اس وبا کا نیا مرکز قرار دیا ہے۔

جرمنی کی کئی ہمسایہ ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے پھیلنے والی بیماری کووڈ انیس وبائی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس وبا کو محدود کرنے کے سلسلے میں برلن حکومت نے اپنی سرحدوں پر جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا ہے۔ تاہم کہا گیا ہے کہ بعض صورتوں میں مسافروں کو اس بندش سے استثنا دیا گیا ہے۔ جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر کا کہنا ہے کہ جرمن شہری اور جرمنی میں رہائش کے پرمٹ کے حامل افراد جرمنی میں واپس لوٹ سکیں گے، جب کہ اشیائے ضروریت والے مال بردار ٹرکوں کو بھی ایسا ہی استثنا حاصل ہو گا۔

زاربروکن کے قریب فرانس سے منسلک جرمن سرحد پر موجود ڈی ڈبلیو کے نمائندے بیرنڈ ریگیرٹ کا کہنا ہے کہ سرحد عبور کرنے والوں سے سرحدی نگرانی کی پولیس نے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ایسے لوگوں سے ان کی منزل مقصود، جرمنی میں داخل ہونے کی نوعیت اور دیگر معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

بیرنڈ ریگیرٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ سرحدی گزرگاہ  گزشتہ پچیس برسوں سے بغیر کسی رکاوٹ سے کھلی ہوئی تھی تاہم اب اس نئی صورت حال میں سرحد عبور کرنے کے منتظر افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ برلن حکومت اپنے شہریوں کو پہلے ہی غیر ممالک کا غیر ضروری سفر اختیار سے گریز کی تلقین کر چکی ہے۔ جرمن حکومت اپنے شہریوں کو یہ انتباہ بھی کر چکی ہے کہ مختلف ممالک اپنی سرحدیں بند کر رہے ہیں اور ایسی صورت میں جرمن شہر ان ملکوں میں پھنس سکتے ہیں۔

ع ح، ع ت (ڈی پی اے، اے ایف پی)