1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی نے گوگل کے خلاف مقدمہ دائر کیا

2 ستمبر 2009

جرمنی نے انٹرنیٹ کمپنی گُوگل کی جانب سے کتابوں کو ڈیجیٹائز کرنے کے منصوبے کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت گوگل مصنفین کو ادائیگیاں کرنے کے لئے ایک قانونی سمجھوتہ چاہتی ہے۔

https://p.dw.com/p/JNOl
تصویر: AP
Bücherregale
گُوگل نے لاکھوں کتابوں کا آن لائن ورژن تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہےتصویر: AP

جرمنی کی وزیر انصاف بریگیٹے سِپریس نے منگل کو ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ گوُگل کے اس منصوبے کے خلاف نیویارک کی ایک عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے: ’’ہمیں یقین ہے کہ عدالت اس منصوبے کو ردّ کر دے گی، یا کم از جرمن مصنفین اور پبلیشرز کو اس سے باہر رکھا جائے گا، تاکہ وہ اس کے اثر سے محفوظ رہیں۔‘‘

جرمن وزیر نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ مصنفین کے حقوق کے لئے ہونے والے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ سِپریس نے 'ورلڈ انٹرنیشنل پراپرٹی آرگنائزیشن کاپی رائٹ ٹریٹی' کا حوالہ بھی دیا، جو انیس سو چھیانوے میں جنیوا میں طے پائی تھی۔ اس معاہدے کے تحت کتابوں کی کسی دوسری جگہ تقسیم کے لئے مصنفین کی پیشگی اجازت ضروری ہے۔

گُوگل نے گزشتہ برس اکتوبر میں مصنفین اور پبلیشرز کی امریکی تنظیموں 'آؤتھرز گِلڈ‘ اور 'ایسوسی ایشن آف امریکن پبلیشرز' کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا۔ قبل ازیں دوہزار پانچ میں ان تنطیموں نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے لئے گُوگل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی تھی۔

تاہم ان امریکی تنظیموں کے ساتھ گزشتہ سال کے معاہدے کے تحت گُوگل مصنفین کو بقایا جات کی ادائیگی اور ایک خودمختار 'بُک رجسٹری' کے قیام کے لئے ایک سو پچیس ملین ڈالر ادا کرنے پر تیار ہے۔ اس طرح اپنی کتابوں کو ڈیجیٹائز کرنے کی اجازت دینے والے مصنفین اور پبلیشرز کو آن لائن کتابوں کی فروخت اور اشتہارات سے آمدنی حاصل ہوگی۔تاہم اس معاہدے کے لئے امریکہ میں ضلعی عدالت کے جج کی منظوری درکار ہے، جو اس حوالے سے مقدمے کی سماعت سات اکتوبر کو کریں گے۔ اس کے خلاف شکایات چار اگست تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

Bundesjustizministerin Brigitte Zypries
جرمنی کی وزیر انصاف بریگیٹے سِپریستصویر: AP

جرمن وزیر انصاف کہتی ہیں، 'کتابوں کا آن لائن ورژن تیار کرنے کی اجازت دینی ہے یا نہیں، بہتر ہوگا کہ جرمن مصنفین اور پبلیشرز اس بات کا فیصلہ خود کریں۔'

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس منصوبے سے یورپی آن لائن لائبریری 'یورپیانا' کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

دوسری جانب گُوگل کا کہنا ہے کہ ان کے اس منصوبے کے تحت آن لائن کتابیں صرف امریکہ میں ہی دستیاب ہوں گی، تاہم بریگیٹے سِپریس کہتی ہیں، سب جانتے ہیں کہ انٹرنیٹ کے لئے کوئی حد بندی نہیں ہے۔

اُدھر امریکی محکمہ انصاف بھی اس معاہدے پر تفتیش کر رہا ہے جبکہ یورپی یونین نے کہا کہ وہ اس کا جائزہ لے گی۔ انٹرنیٹ کی صنعت سے وابستہ چند بڑی کمپنیاں، مائیکروسافٹ، یاہو اور ایمازون بھی گُوگل کے اس منصوبے کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: گوہر نذیر گیلانی