1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کی سب سے بڑی مسجد بم کی دھمکی کے بعد خالی کرا لی گئی

1 نومبر 2019

جرمنی میں چند برس قبل تعمیر کی گئی مسلمانوں کی سب سے بڑی مسجد ٹیلی فون پر ملنے والی ایک بم دھمکی کے بعد خالی کرا لی گئی۔ یہ واقعہ کولون شہر میں پیش آیا تاہم پولیس کو ڈیڑھ گھنٹے تک تلاشی کے باوجود وہاں سے کوئی بم نہ ملا۔

https://p.dw.com/p/3SL7D
تصویر: picture-alliance/dpa/H. Ossinegr

کولون سے جمعہ یکم نومبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی کے این اے کی رپورٹوں کے مطابق اس شہر کے ایہرن فَیلڈ نامی حصے میں قائم یہ مسجد نہ صرف پورے جرمنی میں مسلمانوں کی سب سے بڑی عبادت گاہ ہے بلکہ ترک جرمن مساجد کی تنظیم دیتیب (Ditib) کی مرکزی جامع مسجد بھی ہے۔

کے این اے نے جرمن اخبار 'کوئلنر اشٹڈ انسائیگر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات اکتیس اکتوبر کی سہ پہر تقریباﹰ عصر کی نماز کے وقت پیش آیا۔ مسجد کی انتظامیہ نے کسی نامعلوم شخص کی طرف سے ٹیلی فون پر دی گئی بم کی دھمکی کے بعد فوری طور پر پولیس کو مطلع کر دیا تھا۔

تقریباﹰ اسی وقت موقع پر پہنچ جانے والے پولیس اہلکاروں نے یہ مسجد خالی کرا لی اور مبینہ بم کی تلاش شروع کر دی۔ تاہم ڈیڑھ گھنٹے تک مسجد اور اس سے ملحقہ دیتیب کے مرکزی دفاتر کی تلاشی لینے کے باوجود جب وہاں سے کوئی بم برآمد نہ ہوا، تو پولیس نے نمازیوں کو دوبارہ مسجد میں جانے کی اجازت دے دی۔

مبینہ بم کی تلاشی سے قبل مسجد میں بڑی تعداد میں موجود نمازیوں اور دیتیب کے ملکی صدر دفاتر میں موجود اس تنظیم کے عہدیداروں کو وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔ پولیس اس بارے میں تفتیش کر رہی ہے کہ اس مسجد میں مبینہ بم کی موجودگی کی ٹیلی فون پر دی جانے والی دھمکی کا پس منظر کیا ہے۔

Deutschland Erdogan eröffnet Zentralmoschee der Ditip in Köln-Ehrenfeld
اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے گزشتہ برس ستمبر میں کیا تھاتصویر: picture alliance/AP Photo/M. Meissner

جولائی میں بھی ایسی ہی دھمکی

اکتیس اکتوبر کی سہ پہر اس ٹیلی فونک دھمکی سے قبل اسی سال جولائی کے اوائل میں بھی اس مسجد کی انتظامیہ کو ایسی ہی ایک دھمکی دی گئی تھی۔ تب لیکن یہ دھمکی مسجد کی انتظامیہ کے نام ایک ای میل میں دی گئی تھی مگر اس واقعے کا بھی چھان بین کے بعد کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا۔

جرمنی کی ترک اسلامی تنظیم برائے مذہب یا Ditib ملک کی سب سے بڑی مسلم تنظیم ہے۔ اس تنظیم کے اپنے موقف کے مطابق وہ جرمنی میں مجموعی طور پر 856 خود مختار مساجد کی نمائندگی اور ان مساجد یا مسلم تنظیموں کی مذہبی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کا کام کرتی ہے۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق کولون سینٹرل مسجد کہلانے والی یہ مسلم عبادت گاہ نہ صرف جرمنی کی سب سے بڑی مسجد ہے بلکہ اس کا شمار یورپ کی سب سے بڑی مساجد میں بھی ہوتا ہے۔ اس کا باقاعدہ افتتاح ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے گزشتہ برس ستمبر میں کیا تھا۔

م م / ع ا (کے این اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں