جرمنی کی مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے حل کے لیے کوششیں اب تیز تر
19 اکتوبر 2023جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک اسرائیل اور حماس کے مابین لڑائی کے پس منظر میں اردن، اسرائیل اور لبنان میں ہنگامی مذاکرات کے نئے ادوار کے لیے برلن سے روانہ ہو گئی ہیں۔ جمعرات کے روز اردن کے لیے روانگی سے قبل بیئربوک نے اسرائیل کو جرمن حکومت کی طرف سے یکجہتی کا یقین دلایا۔
وفاقی جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لڑائی حماس کے ساتھ ہے، فلسطینی شہری آبادی کے ساتھ نہیں، جو اس تنازعے میں بہت زیادہ نقصان اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دورےکا استعمال کرتے ہوئے فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے زیر قبضہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے دباؤ بھی ڈالنا چاہتی ہیں۔ غزہ میں حماس کے زیر قبضہ تقریباً 200 یرغمالیوں میں جرمن شہری بھی شامل ہیں۔
انالینا بیئربوک نے غزہ پٹی میں شہری آبادی کے لیےامداد کی فراہمی کو مربوط کرنے کے لیے مشرق وسطیٰ میں انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلقہ امور کے لیے ایک خصوصی ایلچی بھی مقرر کیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کا ''مکمل محاصرہ‘‘ کر کے اسے سیل کر رکھا ہے۔
جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی غزہ کو انسانی بنیادوں پر جامع امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن شہریوں کے لیے جلد از جلد غزہ چھوڑنے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے بھی پوری شدت سے کام کیا جا رہا ہے۔ برلن میں وفاقی دفتر خارجہ کا خیال ہے کہ سو سے زائد جرمن شہری غزہ پٹی کے علاقے میں موجود ہیں۔
اسرائیل نے دو ملین سے زائد کی آبادی والی اور انتہائی گنجان آباد اس ساحلی پٹی کے لیے خوراک، پانی اور بجلی کی ترسیل منقطع کر رکھی ہے۔ اسرائیلی فورسزکی غزہ پر مسلسل فضائی بمباری سے سینکڑوں عمارتیں ملیا میٹ ہو چکی ہیں اور ہزاروں افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔
اسرائیلی فضائی بمباری کی یہ مہم اسرائیل پر سات اکتوبر کو حماس کے مربوط دہشت گردانہ حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہے۔ حماس کے ان حملوں میں اسرائیل میں 1,400 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔ اسرائیل میں اس واقعے کو ملکی تاریخ کی بدترین تباہی قرار دیا گیا ہے۔
جرمن وزیر دفاع لبنان میں
جرمنی کے وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائی کے تناظر میں اس خطے میں اقوام متحدہ کی امن فوج میں خدمات انجام دینے والے جرمن فوجیوں سے ملنے کے لیے جمعرات کو لبنان کا سفر کیا۔ جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے ہیڈ کوارٹر کے قریب سمندر میں ایک جنگی بحری جہاز پر تقریباً 140 جرمن فوجی تعینات ہیں۔ امن مشن کا یہ دفتر اتوار کو ایک راکٹ حملے کی زد میں آ گیا تھا، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
برلن میں جرمن وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا، ''جنگی بحری جہاز اولڈن برگ پر وزیر دفاع نے فوجیوں کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اسرائیل اور غزہ کے مابین تنازعے کے خطے میں جرمن فوجیوں پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں آگاہ بھی کیا۔‘‘
جرمنی میں سامیت دشمنی کی کوئی جگہ نہیں، شولس
جرمن چانسلر اولاف شولس نے جرمنی میں سامیت دشمنی کے ساتھ ساتھ اسرائیل دشمنی کے خلاف سخت حکومتی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ چانسلر شولس نے جمعرات کے روز برلن میں جرمنی کی وفاقی پارلیمان میں قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ایک ''واضح موقف‘‘ کا مطالبہ کیا جاتا ہے اور کسی کو بھی دوسری طرف نہیں دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا، ''جرمنی میں سامیت دشمنی کی کوئی جگہ نہیں اور ہم اس کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ہم سب شہری ہونے کے حوالے سے اور سیاسی ذمہ داریاں اٹھانے والوں کی حیثیت سے بھی ایسا کریں گے۔‘‘ اولاف شولس نے کہا کہ جرمنی میں یہ معاملہ موجودہ ملکی قوانین اور ضوابط کو نافذ کرنے کا بھی ہے۔
وفاقی جرمن چانسلر کا کہنا تھا، ''حکام کو اس بارے میں واضح ہونا چاہیے اور ان تمام اجتماعات پر پابندی لگانا چاہیے، جہاں سامیت مخالف نعرے لگائے جانے کا خطرہ ہو، جہاں لوگوں کے قتل کی تعریف کی جا سکتی ہو اور جہاں دوسری چیزیں، جنہیں ہم یہاں قبول نہیں کر سکتے، وہ کی جا رہی ہوں۔‘‘
ش ر⁄ م م، ع ا (ڈی پی اے، روئٹرز)