1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: کیمیکل پلانٹ میں دھماکا، متعدد افراد زخمی

عاطف بلوچ10 ستمبر 2014

جرمنی کے شمال مغربی شہر بریمن کے نواح میں واقع ایک کیمیکل پلانٹ میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ اس پلانٹ کی عمارت منہدم ہو گئی ہے جبکہ ارد گرد کی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

https://p.dw.com/p/1D9YT
تصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ منگل کی شام کو یہ حادثہ بریمن کے نواحی شہر ریٹرہوڈا میں کیمکل ویسٹ کے ایک پلانٹ میں پیش آیا۔ دھماکے کی نوعیت ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن بتایا گیا ہے کہ یہ اتنا شدید تھا کہ اس پلانٹ کے ارد گرد واقع تیس سے چالیس مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ نیوز ایجنسی اے پی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی۔

مقامی پولیس نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا ہے کہ فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں سیاہ دھوئیں کے بادل فضا میں شامل ہو گئے جبکہ دھماکے کی وجہ سے آس پاس کے کچھ مکانات کے منہدم ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

Feuer in einer Fabrik zur Entsorgung von Lösungsmitteln in Ritterhude (Niedersachsen)
حادثے کا شکار ہونے والے اس پلانٹ کی عمارت منہدم ہو گئی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے، جو اس پلانٹ کا ملازم تصور کیا جا رہا ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ایک شخص لاپتہ ہے۔ مقامی پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ زخمی ہونے والا شخص حادثے کے فوری بعد پلانٹ میں پہنچا اور اس کی کار نزدیک ہی کھڑی تھی۔

ریٹرہوڈا کی میئر سوزانے گائلِز نے ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’ہم ہمیشہ ہی ایک رہائشی علاقے میں واقع اس فیکٹری کو باعث تشویش سمجھتے تھے۔ ہم نے ہمیشہ ہی کہا تھا کہ اس فیکٹری کو یہاں نہیں ہونا چاہیے۔‘‘ اس حادثے کی وجہ سے دیگر متعدد مقامی افراد معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق شب نو بجے ہوا۔

ابھی تک اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک یہ مقام قابل رسائی نہیں ہے اور صبح کے وقت ہی باقاعدہ تفتیشی عمل شروع ہو سکے گا۔ اطلاعات کے مطابق فائر فائٹرز کو اس پلانٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں قریب چار گھنٹے لگے، جس دوران پندرہ ہزار نفوس پر مشتمل اس شہر کے باسیوں کو کہا گیا تھا کہ وہ اپنے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔

ایک مقامی اخبار کی ویب سائٹ نے کہا ہے کہ یہ پلانٹ برگولین نامی کمپنی کی ملکیت تھا، جہاں صنتعی شعبے میں استعمال ہونے والے رنگ تیار کیے جاتے تھے۔