جرمنی کے دس انوکھے مشروبات
اگر کسی شربت کا نام صرف ایک ہی زبان میں موجود ہو تو اس کا مطلب ہے کہ یہ کوئی خاص مشروب ہے۔ جرمن شہری اکثر یہ سمجھتے ہیں کہ اُن کے منفرد مشروبات پوری دنیا میں پسند کیے جاتے ہیں۔
آپفل شورلے
جرمنی میں ایپل جوس یعنی سیب کے رس کو عموماﹰ ’اسپارکلنگ واٹر‘ کے ساتھ پیا جاتا ہے۔ جوس کو پانی کے ساتھ ملانے کو جرمن زبان میں ’شورلے‘ کہا جاتا ہے۔
برلینر وائسے مِت شُس
دنیا بھر میں جرمنی اپنے بیئر کی مختلف اقسام کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔ برلینر وائسے، تین فیصد الکوہل کے ساتھ ایک کھٹی سفید بیئر ہے۔ برلینر وائسے عموماﹰ رس بھری سیرپ کے ساتھ سرخ اور سبز رنگ میں نوش کی جاتی ہے۔
راڈلر
لائم سوڈا کے ساتھ بیئر ’راڈلر‘ کہلاتی ہے۔ جرمنی میں یہ مشروب نہ صرف عام ہے بلکہ اس کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔ جرمن زبان میں راڈلر لفظ کا مطلب سائیکل چلانے والا شخص ہے۔ کہا جاتا ہے کہ سائکلسٹ اکثر وقفے کے دوران یہ مشروب شوق سے پیتے ہیں۔
بنانا وائسن
راڈلر کی طرح مکس بیئر کی دیگر مختلف اقسام بھی ہیں۔ جیسے کہ ’بنانا وائسن‘ یعنی کیلے کے جوس کے ساتھ سفید بیئر۔
ڈیزل بیئر
ڈیزل بیئر کا مطلب یہ نہیں کہ بیئر میں ڈیزل ملا دیا جائے بلکہ سیاح بیئر کے ذائقے میں مٹھاس لانے اور الکوحل کے اثر میں کمی لانے کے لیے سافٹ ڈرنک کولا کا استعمال کیا جاتا ہے۔
اشپیژی
جرمن افراد سافٹ ڈرنک ’کولا‘ کو ’فنٹا‘ کے ساتھ ملا کر پیتے ہیں۔ کولا-فنٹا مکس مشروب کو ’اشپیژی‘ کہا جاتا ہے۔
کلُب ماٹے
برلن کی نائٹ لائف سے لطف اندوز ہونے والے افراد اور کمپیوٹر ہیکرز کلُب ماٹے کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ کلُب ماٹے میں شامل کیفین سے اکثر کام کرنے کی صلاحیت اور توجہ بڑھ جاتی ہے۔
کیبا
جرمنی کے بیشتر ریستورانوں کے مینئو کارڈز پر مشروبات کی فہرست میں ’کیبا‘ کا نام دیکھتے ہی اکثر سیاح پریشان ہو کر پوچھتے ہیں، یہ ’کیبا‘ کیا ہے؟ جرمنی کا یہ منفرد مشروب ’کیبا‘ دراصل چیری اور کیلے کا مکس جوس ہے۔
زاورکراؤٹ جوس
یہ مشروب کرم کلے سے نکالے گئے رس کا خمیر بنا کر تیار کیا جاتا ہے۔ اسے قدیم طب کی اصطلاح میں معجزاتی علاج بھی کہا جاتا ہے۔ یہ مشروب گرچہ جرمن باشندوں میں بہت زیادہ مقبول نہیں ہے تاہم یہ آرگینک شاپس اور صحت اور بیوٹی سے متعلق مصنوعات کی ہر چھوٹی بڑی دکانوں میں دستیاب ہے۔
مُکے فُک
مُکے فک ڈرنک کو جو کے شربت سے تیار کیا جاتا ہے۔ یہ اسٹرانگ کافی کو ناپسند کرنے والے افراد کے لیے ایک متبادل ڈرنک ہوسکتا ہے۔