جرمنی، گھروں کے زیادہ کرایے آجروں کی مشکل کی وجہ کیسے؟
2 مارچ 2024آڈٹنگ فرم پی ڈبلیو سی کی جانب سے کرائے جانے والے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جرمنی کے بڑے شہروں میں کمپنیوں کو گھر کے کرایے زیادہ ہونے کے باعث کام کرنے کے اہل ہنرمند افراد کے حوالے سے دشواری کا سامنا ہے۔
اس سروے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ کئی افراد کے خیال میں بڑے شہروں میں رہائش اختیار کرنے کا ایک نقصان گھروں کے زیادہ کرایے ہیں۔ اس سروے میں ایک تہائی جواب دہندگان کا کہنا تھا ہ وہ گھر کا کرایہ زیادہ ہونے کی وجہ سے اپنی موجودہ نوکری چھوڑ کر کہیں اور ملازمت کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ اور ان افراد نے ایسا واقعتاﹰ کر بھی لیا۔
جرمنی: رہائش کے اخراجات تقریباﹰ ناقابل برداشت حد تک بڑھ گئے
اس بات کا حوالہ دیتے ہوئے سروے میں کہا گیا ہے کہ اس وجہ سے جرمنی کے بڑے شہروں میں آجروں اور کمپنیوں کے لیے کام کرنے کے اہل ہنرمند افراد کو ڈھونڈنا اور یہ یقینی بنانا کہ وہ اپنی ملازمت جاری رکھیں مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ سروے میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ ملازمین کی آجروں سے یہ توقع بھی ہوتی ہے کہ وہ گھروں کے زیادہ کرایوں کی وجہ سے ان کی معاشی مدد بھی کریں گے۔
یہ سروے گزشتہ برس آن لائن کیا گیا تھا، جس میں جرمنی کے 12 بڑے شہروں میں مقیم 18 سے 65 برس کی عمروں تک کے 4,200 ملازمت پیشہ افراد کی رائے لی گئی تھی۔
ان میں سے اکثریت نے بڑے شہروں کو ملازمت کے مواقع اور وہاں موجود تعلیم اور شاپنگ کی سہولیات کے حوالے سے سراہا تھا، مگر ان جواب دہندگان میں سے تقریبا دو تہائی نے کرایے کے گھروں کی دستیابی اور گھروں کے کرایوں اور قیمتوں کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔ ان افراد نے ان مسائل سے متعلق بالخصوص اشٹٹ گارٹ اور میونخ کے شہروں کا ذکر کیا تھا۔
اس سروے میں شامل گیارہ فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ گھروں کے زیادہ کرایوں کے باعث پہلے ہی ملازمت تبدیل کر چکے ہیں، جبکہ جواب دہندگان میں شامل 18 سے 34 برس کے گروپ میں ایسے افراد کا تناسب 17 فیصد تھا۔
اسی طرح جرمن دارالحکومت برلن سے تعلق رکھنے والے جواب دہندگان میں سے 19 فیصد نے بتایا کہ وہ زیادہ کرایوں کے باعث اپنی ملازمت تبدیل کر چکے ہیں اور 36 فیصد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بارے میں سوچا ہے۔
م ا / ع ت (ڈی پی اے)