1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جعلی کورونا ٹیسٹ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں!

19 مارچ 2020

پولیس نے عوام کو جعلی کورونا ٹیسٹ کرنے والوں سے خبردار کیا ہے۔ اگر آپ کے پاس بھی گھر میں کورونا ٹیسٹ کرنے کے لیے کوئی ٹیم آئے تو آپ ہوشیار رہیں۔ ایسی جعلی ٹیمیں آپ کے گھر چوری بھی کر سکتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Zh0n
Marburger Forscher suchen Impfstoff gegen Coronavirus
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Dedert

جرمن پولیس کے مطابق شہر لائپزگ کے قریب جعلی کورونا ٹیم کی موجودگی کا پتا چلا ہے۔ ایک اٹھاون سالہ شخص کو ایک کال موصول ہوئی، جس میں کہا گیا کہ ان کا ایک دوست اس وقت کورونا وائرس میں مبتلا ہے اور اس وجہ سے ایک ہنگامی ٹیم ان کے گھر بھی پہنچ رہی ہے تاکہ ان کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے۔

اس کے بعد چند افراد اس کے گھر آئے، جنہوں نے منہ ڈھانپ رکھے تھے اور حفاظتی لباس بھی پہن رکھے تھے۔ انہوں نے اٹھاون سالہ شخص کا گلہ ٹیسٹ کیا اور مزید ٹیسٹ کے لیے ان کا لعاب بھی ساتھ لے گئے۔ مبینہ کورونا ٹیم نے کہا کہ ان کے ٹیسٹ کے حتمی نتائج پانچ گھنٹے تک فراہم کر دیے جائیں گے۔

اس کے بعد اٹھاون سالہ شخص نے لائپزگ کے محکمہ صحت سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایسی کوئی ٹیم ان کی طرف سے نہیں بھیجی گئی۔

بعدازاں پولیس کو اطلاع دی گئی تو پولیس کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ کرنے والی مبینہ ٹیم جعلساز ہو سکتی ہے اور اُس کے اراکین ممکنہ طور پر اٹھاون سالہ شخص کے گھر چوری کرنا چاہتے تھے۔ محکمہ صحت نے بیان جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ان کی طرف سے کسی کے گھر بھی کوئی ٹیم نہیں بھیجی جا رہی اور اگر ایسا ہوا بھی تو ایسے کسی شخص کے گھر بھیجی جائے گی، جو نقل و حرکت کرنے سے معذور ہو۔

جرمنی کے ہسپتالوں اور نظام صحت کا شمار دنیا کے بہترین نظاموں میں ہوتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود جرمن چانسلر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں تاکہ کورونا مریضوں کی تعداد نہ بڑھے اور ہسپتالوں پر کم سے کم بوجھ پڑے۔ جرمن حکومت کی کوشش ہے کہ مریضوں کی تعداد میں یکدم اضافے پر کنٹرول حاصل کیا جا سکے تاکہ ہر کسی کا علاج ممکن ہو سکے۔ 

ا ا / ک م ( ڈی پی اے)