1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جموں و کشمیر میں تین مزید عسکریت پسند ہلاک

12 مئی 2010

بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع کُپواڑہ کے علاقے ہنڈواڑہ کے ایک گھر پر چھاپے کے دوران وہاں موجود تین مشکوک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NM2t
تصویر: AP

اس کارروائی میں ایک بھارتی فوجی بھی مارا گیا ہے۔ بھارتی فوج کے ایک ترجمان ونیت سوڈ کے مطابق یہ واقعہ منگل کی رات پیش آیا، جب ایک گھر میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز کے تیس کے قریب ارکان نے اُس گھر کا محاصرہ کر لیا۔ تب دہشت گردوں نے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں کی جانے والی فائرنگ سے تینوں شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ اس دوران ایک بھارتی فوجی زخمی بھی ہوا ہے۔

Indien Polizist schiesst auf Kaschmir Demonstranten
تصویر: AP

شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس عبدالقیوم منہاس نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فوج نے وہاں مشترکہ کارروائی کی۔گزشتہ ہفتے کے دوران جموں و کشمیر میں اسی نوعیت کے واقعات میں پانچ فوجی اور 14 عسکریت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے انتباہ کیا ہے کہ یہاں کسی بھی وقت پُر تشدد کارروائیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اِس سے پہلے گزشتہ ماہ بھارتی فوج نے کہا تھا کہ 400 کے قریب عسکریت پسند پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہونے کے لئے پَر تول رہے ہیں۔

جموں و کشمیر میں بھارتی حکمرانی کے خلاف 1989ء میں شروع ہونے والی بغاوت میں اب تک سرکاری بیانات کے مطابق 47 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

رپورٹ: بخت زمان یوسف زئی / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی