1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی کوریا کا آئل ٹینکر: صومالی قزاقوں کا قبضہ

5 اپریل 2010

صومالی بحری قزاقوں نے اتوار کے روز جنوبی کوریا کا آئل ٹینکر اغوا کر لیا ہے۔ اس ٹینکر پر 170 ملین ڈالر کا خام تیل لدا ہوا ہے اور یہ جہاز عراق سے امریکہ جا رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/MnDS
تصویر: AP

حکام کے مطابق اس واقعے سے واضح ہو رہا ہے کہ صومالی قزاق کا اہم ہدف خلیج عدن سے گزرنے والے بڑے بحری جہاز ہیں۔ سامہو ڈریم نامی یہ آئل ٹینکر ایک ہزار بانوے فٹ طویل ہے اور اس پر دو ملین بیرل تیل لادنے کی گنجائش ہے۔ جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے مطابق اغوا ہونے والے اس بحری جہاز پر جنوبی کوریا کے پانچ اور فلپائن کے 19 شہری موجود ہیں۔

تیل کی صفائی کی امریکی کمپنی والرو اینرجی کارپوریشن نے کہا ہے کہ جہاز پر لدا ہوا تیل اس کی ملکیت تھا۔ اس کمپنی کے ایک ترجمان کے مطابق اس جہاز کی منزل امریکی گلف کوسٹ تھی اور اسے مشرقی افریقی سمندری علاقے میں اغوا کیا گیا۔

Tanker Sirius Star in Rotterdam PANO
اکتوبر 2008 میں ایک سعودی آئل ٹینکر کو بھی اغوا کر لیا گیا تھاتصویر: AP

خلیج عدن میں صومالی قزاقوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے باعث اب بحری جہاز نہر سوئز کے بجائے براعظم افریقہ کا چکر کاٹتے ہوئے یورپ اور امریکہ تک پہنچنے کا راستہ اختیار کرتے ہیں اور اس وجہ سے پہلے ہی کاروباری اداروں کو وقتی تاخیر کے ساتھ ساتھ کئی ملین ڈالر اضافی سفری اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سال 2008ء میں بھی صومالی قزاقوں نے سعودی سپر ٹینکر Sirius Star اغوا کر لیا تھا اور خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ اس ٹینکر کو بازیاب کرانے کے لئے 5.5 تا 7 ملین ڈالر ادا کئے گئے تھے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشورمصطفیٰ