جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں کمی تاہم تجدید کاری میں اضافہ
14 جون 2021اسٹاک ہوم میں واقع عالمی امن پر تحقیق کرنے والے ادارے سپری 'دی اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ' (ایس آئی پی آر آئی) کا کہنا ہے کہ گرچہ گزشتہ برس کے بعد سے مجموعی طور پر دنیا کے ایٹمی ہتھیاروں کے ذخیرے میں کمی آئی ہے تاہم عملی طور پر ایسے جوہری اسلحوں کی تعیناتی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ سپری کی یہ تازہ رپورٹ چودہ جون پیر کے روز شائع ہو ئی ہے۔
رپورٹ میں کیا کہا گیا ہے؟
سپری کی رپورٹ کے مطابق رواں برس کے آغاز میں امریکا، روس، فرانس چین، بھارت، پاکستان اسرائیل، اور شمالی کوریا کے پاس مجموعی طور پر تیرہ ہزار 80 ایٹمی ہتھیار تھے اور گزشتہ برس کے مقابلے میں اس میں 320 کی کمی آئی ہے۔
ان اعداد و شمار میں وہ وار ہیڈز بھی شامل ہیں جن کی معیاد ختم ہونے والی ہے اور جلد ہی انہیں تلف کر دیا جائے گا۔ اگر ان تلف کیے جانے والے ہتھیاروں کو چھوڑ دیا جائے تو 2020 سے 2021 کے درمیان عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کی تعداد نو ہزار 380 سے بڑھ کر نو ہزار 620 ہو گئی ہے۔
لیکن اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نصب کرنے اور استعمال کے قابل ایسے ہتھیاروں کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ برس جہاں ان کی تعداد تین ہزار 720 تھیں وہیں اس برس تین ہزار 825 ہو گئی۔ ان ہتھیاروں سے یا تو میزائلوں کو لیس کیا گیا ہے یا پھر فعال فوجی اڈوں پر نصب کیے گئے ہیں۔
محققین کا کیا کہنا ہے؟
سپری کے محققین نے اپنی اس رپورٹ میں عالمی جوہری ہتھیاروں سے متعلق بعض تشویشناک رجحانات کی جانب اشارہ کیا ہے۔ سپری کے
ایک محقق ہینس ایم کریسٹین کا کہنا تھا، ''مجموعی طور پر عالمی فوج کے ذخائر میں وار ہیڈز کی تعداد میں اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے، جو ایک تشویشناک بات ہے کیونکہ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے عالمی جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں گرنے کا رجحان جاری تھا۔''
ان کا مزید کہنا تھا، ''رواں برس فروری میں روس اور امریکا کی جانب سے آخری منٹ میں 'نیو اسٹارٹ' معاہدے میں توسیع ایک بڑی راحت کا ذریعہ تھی۔'' تاہم انہوں کہا کہ جوہری ہتھیاروں پر قابو پانے کے لیے عالمی جوہری طاقتوں کے مابین دو طرفہ معاہدوں کے امکانات بھی اب بہت کم ہیں۔
امریکا اور روس کے درمیان سن 2011 میں 'نیو اسٹریٹیجک آرمز ریڈکشن ٹریٹی' (نیو اسٹارٹ) کا معاہدہ ہوا تھا۔ نیو اسٹارٹ معاہدہ نصب کیے جانے والے جوہری ہتھیاروں، میزائلوں اور بموں کی تعداد کو محدود کرنے سے متعلق ہے۔ یہ معاہدہ اس برس فروری میں ختم ہو رہا تھا جس کی دونوں نے تجدید کر لی اور اب یہ فروری 2026 تک چلے گا۔
کس ملک کے پاس سب سے زیادہ جوہری ہتھیار ہیں؟
دنیا میں روس اور امریکا کے پاس سب سے زیادہ جوہری ہتھیار ہیں اور عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کا 90 فیصد ذخیرہ انہیں دو کے پاس ہے۔
سپری کی تازہ رپورٹ کے مطابق امریکا اور روس معیاد ختم ہو جانے والے ایٹمی ہتھیاروں کو تلف کرتے رہے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس کے آغاز پر ان دونوں ملکوں کے پاس پچاس اضافی قابل استعمال وار ہیڈز تھے۔
محقق ہینس ایم کریسٹین کا کہنا تھا، ''ایسا لگتا ہے کہ روس اور امریکا دونوں ہی اپنی قومی سلامتی کی حکمت عملی میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق اہمیت میں اضافہ کرتے نظر آتے ہیں۔''
دنیا کے دیگر جوہری طاقت سے لیس سات ممالک کے پاس دس فیصد جوہری ہتھیار ہیں۔ اس میں بعض ممالک، جیسے برطانیہ، مستقبل میں اپنے جوہری ہتھیاروں میں توسیع کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چین، بھارت اور پاکستان ایسے ممالک ہیں جو بہت تیزی سے اپنے جوہری ہتھیاروں کی تجدید اور ان کی صلاحیت بڑھانے میں مصروف ہیں۔ شمالی کوریا اقوام متحدہ اور امریکی پابندیوں کے باوجود اپنے بیلسٹک میزائلوں کے پروگرام کو وسیع تر کرنے میں لگا ہوا ہے۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)