جہادی گروہوں کے خلاف برسرپیکار تیرہ فرانسیسی فوجی ہلاک
26 نومبر 2019فرانسیسی حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فرانسیسی فوجی مغربی افریقہ کے ساحل خطے میں جہادی گروہوں پر حملے کی تیاری کر رہے تھے۔
اطلاعات کی مطابق یہ ہیلی کاپٹر پچھلے کئی روز سے نیجر اور بُرکینا فاسو سے متصل علاقے لیپٹاکو میں فوجی کمانڈوز کی پشت پناہی کر رہے تھے۔ فرانسیسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اس واقع پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ '' تیرہ ہیروز کا صرف ایک مقصد تھا، ہماری حفاظت کرنا۔‘‘
حالیہ برسوں میں یہ خطہ افریقہ میں داعش اور القائدہ سے منسلک مسلح گروہوں کا گڑھ بن کر ابُھرا ہے۔ فرانسیسی فوج چھ برس سے مالی کی فوج کے ساتھ مل کر مقامی جہادی گروہوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔ مالی اور اس کے پڑوسی افریقی ممالک میں ساڑھے چار ہزار فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔
گزشتہ دو ماہ کے دوران اس علاقے میں مسلح گروہوں کی کارروائیوں میں بظاہر تیزی آئی ہے۔ حملوں میں ایک سو کے قریب مقامی فوجی مارے گئے جبکہ حال ہی میں کان کنی کی ایک کینیڈین کمپنی کے ملازمین کے قافلے پر حملے میں سینتیس افراد مارے گئے۔
ش ج / ع آ (dpa,AP)