1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ٹوئنٹی ممالک کی بااثر ترین خواتین کا اجلاس

25 اپریل 2017

جی ٹوئنٹی ممالک کی بااثر ترین خواتین برلن میں ہونے والی ایک سمٹ میں شرکت کر رہی ہیں۔ اس اجلاس میں امریکی صدر کی بیٹی، جرمن چانسلر، آئی ایم ایف کی سربراہ، کینیڈا کی وزیر خارجہ اور ہالینڈ کی ملکہ بھی شریک ہیں۔

https://p.dw.com/p/2bsAq
Deutschland W20 Konferenz in Berlin
تصویر: Reuters/H. Hanschke

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں آج پچیس اپریل بروز منگل جاری وویمن ٹوئنٹی نامی اجلاس میں ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی ٹوئنٹی کی تقریبا ایک سو با اثر خواتین مندوبین شرکت کر رہی ہیں۔ ان میں امریکی صدر کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، جرمن چانسلر انگیلا میرکل، آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ، کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیمیا بھی شرکت کر رہی ہیں۔

امریکی صدر کی بیٹی خواتین کی اقتصادی اور پیشہ ورانہ ترقی کے حوالے سے ہونے والے ایک مباحثے میں شرکت کے علاوہ ایک ووکیشنل کالج کا دورہ بھی کریں گی۔ ایوانکا ٹرمپ ایک مشہور فیشن برانڈ کی انتظامیہ میں شامل تھیں لیکن اب وہ بلا معاوضہ وائٹ ہاؤس میں بطور مشیر کام کر رہی ہیں۔

ایسا دوسری مرتبہ ہو رہا ہے کہ ایوانکا ٹرمپ جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کر رہی ہیں۔ جرمنی میں خواتین کے امور کی وزیر مانویلا شویزیگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی ایک بھی ایسا ملک نہیں ہے، جہاں خواتین اور مردوں کے مابین عدم مساوات نہ پائی جاتی ہو اور اس کے خاتمے کے لیے کام کیا جانا ضروری ہے۔

Deutschland W20 Konferenz in Berlin
تصویر: Reuters/F. Bensch

اس حوالے اس ان کا مزید کہنا تھا کہ روس میں گھریلو تشدد کی سزائیں کم کر دی گئی ہیں، بھارت میں ازدواجی عصمت دری کرنے پر کوئی سزا نہیں ہے، سعودی عرب میں خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی ہے اور امریکا میں بچے کی پیدائش کے بعد اس کی دیکھ بھال کے لیے ماؤں کو چھٹی نہیں دی جاتی۔

جی ٹوئنٹی گروپ دنیا کی دو تہائی آبادی کے ساتھ ساتھ  80 فیصدی عالمی اقتصادی پیداوار  اور تجارت کے 80 فی صد حصے کی نمائندگی کرتا ہے۔ جی ٹوئنٹی ممالک کے اس گروپ کا قیام 1999ء میں عمل میں لایا گیا تھا تاکہ عالمی معیشت کو استحکام فراہم کیا جا سکے۔ اس وقت عالمی معیشت پر بحران چھایا ہوا تھا۔

رواں برس اس گروپ کی صدارت جرمنی کے پاس ہے اور اسی وجہ سے تمام متعلقہ اجلاسوں کا انقعاد اسی ملک میں ہو رہا ہے۔ جی ٹوئنٹی اجلاس کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے سربراہان کا اجلاس خواتین کی اس سربراہی سمٹ کے بعد سات اور آٹھ جولائی کو جرمن شہر ہیمبرگ میں ہوگا۔

اس عالمی گروپ میں یورپی یونین کے علاوہ 19 دیگر ممالک شامل ہیں۔ ان ممالک میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، برطانیہ، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، بھارت، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، ترکی اور امریکا شامل ہیں۔