جیت اچھا شگن ہے، پاکستان ہاکی کپتان
7 نومبر 2011پرتھ میں پاکستان کی فتح اس اعتبارسے اہم تھی کہ یہ رابوٹرافی دوہزار پانچ کے بعد سے آسٹریلیا کے خلافپاکستان کی پہلی کامیابی ہے۔ پرتھ فائنل سے صرف دو روز پہلے پاکستان کو اسی آسٹریلوی ٹیم کے ہاتھوں آخری گروپ میچ میں دو کے مقابلے میں ریکارڈ آٹھ گول سے شکست کا بھی سامنا کرنا پڑاتھا۔
پاکستانی کپتان شکیل عباسی نے وطن واپسی پر ڈوئچے ویلے کو انٹرویو میں کہا کہ ان کی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے مرحلے کے میچز کھیلنے سے کامیابی کے لیے درکار اعتماد ملا۔ ’ہم فائنل میں ڈو اور ڈایی کا تہیہ کرکے اترے تھے۔ اس لیے میزبان ٹیم کو ہم نے سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔‘
شکیل عباسی کا کہنا تھا، ’پاکستانی ٹیم کو دنیا کی نمبر ایک ٹیم کو ہرا کر جو حوصلہ ملا ہے، اب اگر ہم اپنی فنِشنگ کی کمزوری دور کر لیں، تو چمپیئنز ٹرافی بھی جیت سکتے ہیں کیونکہ اگر ہم آسٹریلیا کو ہرا سکتے ہیں، تو دنیا کی کسی بھی ٹیم کے دانت کھٹے کر سکتے ہیں۔‘
پاکستان کی عالمی رینکنگ نو ہونے کی شکیل عباسی کو زیادہ تشویش نہیں ہے اور ان کا کہنا ہے دو سال تک چمپیئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی نہ کرنےاور غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے ٹیم کی درجہ بندی تنزلی کا شکار ہوئی تاہم اب چمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے بعد اس میں ضرور بہتری آئے گی۔
ٹیم کےتجربہ کار اسٹرائیکر شکیل عباسی کو اس بات کا گلہ ہے کہ پاکستان میں ٹورنامنٹ کے میچز براہ راست نہ دکھائے جانے سے کھلاڑیوں اور کوچز کی وہ پزیرائی نہیں ہو رہی، جس کے وہ مستحق ہیں۔ عباسی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے گز شتہ بارہ ماہ میں چھ میں سے پانچ ٹورنامنٹس کے فائنل کھیلے ہیں اور ایشین گیمز سمیت یہ تیسرا ٹائٹل جیتا ہے، مگر میچ ٹیلی کاسٹ نہ ہونے سےعوام ٹیم کی کارکردگی سے بے خبر رہتے ہیں۔
پرتھ کی اس ٹرائی نیشن ٹرافی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کے دونوں لیگ میچز برابر رہے تھے۔ مگر پہلے میچ میں پارہ اتنا چڑھا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ہاکی کا میدان، میدان کارزار بن گیا، جس کے نتیجے میں دو پاکستانی کھلاڑیوں عمران اورشفقت شدید زخمی ہوگئے اور منتظمین کو تین بھارتی کھلاڑیوں اور دو آفیشلزکے ساتھ پاکستانی کپتان شکیل عباسی کو بھی معطل کرنا پڑا۔ اس بارے میں پاکستان ہاکی ٹیم کے مینجر کےایم جنید کہتے ہیں کہ بھارت کی طرف سے پہل کے باوجود کسی پاکستانی کھلاڑی نے بھارتی کھلاڑی پر ہاکی نہیں اٹھائی۔ ’’یہاں تک کہ بھارتی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ نے اندر آکے ہمارے کھلاڑیوں کو زدوکوب کیا۔ ہماری شرافت کا ثبوت ایف آئی ایچ کی طرف ملنے والا وہ خط ہے، جس میں اس واقعے میں پاکستان ٹیم کی مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے جذبات پر قابو رکھنے پرہمیں سراہا گیا ہے۔‘‘
اب تین سے گیارہ دسمبر تک نیوزی لینڈ کے شہرآکلینڈ میں ہونے والا چمپیئنزٹرافی ورلڈ ہاکی ٹورنامنٹ پاکستان ہاکی ٹیم کی سال دو ہزار گیارہ کی آخری اورسب بڑی آزمائش ہوگا۔
رپورٹ: طارق سعید، لاہور
ادارت: عاطف توقیر