جیمز بانڈ کی فلموں میں دکھائے گئے دلکش ترین مقامات
مشہور زمانہ خفیہ ایجنٹ جیمز بانڈ سیریز کی سنسنی خیز اور ایکشن سے بھرپور فلموں میں خوبصورت ترین مقامات فلمائے جاتے ہیں۔ آئیے 007 جیمز بانڈ کی فلموں میں دکھائی گئی پرکشش لوکیشنز کی سیر کرتے ہیں۔
اوچو ریوس، جمیکا
بانڈ ٹرپ کے لیے جمیکا ایک اچھا آغاز ہوسکتا ہے۔ مصنف ایئن فلیمنگ نے جمیکا میں رہتے ہوئے برطانوی خفیہ ایجنٹ کے بارے میں اپنے بہت سے ناول لکھے ہیں۔ اوچو ریوس کے خوبصورت مناظر کو 1962ء میں بننے والی پہلی بانڈ فلم ’ڈاکٹر نو‘ میں بھی دکھایا گیا تھا۔
اینڈرماٹ - سوئٹزرلینڈ
بانڈ سیریز کی تیسری فلم میں جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے شان کونری نے سوئٹزرلینڈ کے خوبصورت پہاڑی سلسلے ایلپس کی گزرگاہوں پر اپنی معروف گاڑی ایسٹن مارٹن کی لگژری کار میں سواری کی تھی۔ یہ گاڑی بانڈ کی مقبول ترین کار ہے۔
شِلتھورن، پیز گلوریا، سوئٹزرلینڈ
سن 1969 میں بانڈ سیریز کی چھٹی فلم میں شِلتھورن کی چوٹی پر واقع پیز گلوریا ریستوران میں فلمنگ کی گئی تھی۔ 2970 میٹر کی بلندی پر واقع اس مقام کو بانڈ فلم ’آن ہر میجسٹیز سیکرٹ سروس‘ کے منفی کردار کا ٹھکانہ بنایا گیا تھا۔
کھاؤ فِنگ کان، تھائی لینڈ
جنوبی تھائی لینڈ میں بحیرہ انڈمان کے پانیوں کے بیچ کھڑے بیس میٹر اونچے پتھریلے ستون نما جزیرے کو جیمز بانڈ جزیرے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ بانڈ اداکار راجر مور کی سن 1974 میں فلمائی گئی فلم نے اس چٹان نما جزیرے کو مشہور کردیا تھا۔
ایفل ٹاور، پیرس
بانڈ سیریز کی ساتویں فلم اداکار راجر مور کی بطور خفیہ ایجنٹ آخری فلم تھی۔ سن 1985 میں فلمائی گئی اس فلم کے ایک سین میں مور نے اپنی ساتھی اداکارہ گریسی جانز کا پیچھا کرتے ہوئے ایفل ٹاور سمیت فرانسیسی دارالحکومت کے کئی سیاحتی مقامات کی سیر کرائی تھی۔
کونٹا ڈیم، ٹیسن، سوئٹزرلینڈ
سن 1995 میں جیمز بانڈ فلم کے مرکزی اداکار پیئرس بوسنان کی سوویت کیمیکل ہتھیاروں کی فیکٹری میں چھلانک لگانے کے سین کے لیے سوئٹزرلینڈ کے کونٹا ڈیم کے مناظر کو پس منظر میں استعمال کیا گیا تھا۔ یہ ڈیم ورساچا ڈیم کے نام سے بھی مشہور ہے۔ فلم ریلیز ہونے کے بعد یہ ڈیم ایک مقبول ترین سیاحتی مقام بن گیا۔
وٹل اٹلانٹک، ہیمبرگ جرمنی
جیمز بانڈ صرف لگژری ہوٹلوں میں رہنا پسند کرتا ہے، اور ہیمبرگ کا اٹلانٹک ہوٹل بھی اس فہرست میں شامل ہوتا ہے۔ سن 1997 کی ’ٹومارو نیور ڈائیز‘ فلم میں پیئرس بوسنان نے اس ہوٹل میں ایک رومانوی سین فلمایا تھا۔ فلم میں تاہم اس ہوٹل کے صرف بیرونی مناظر ہی دکھائے گئے تھے۔
لوکیٹ، چیک جمہوریہ
سن 2006 میں ڈینیئل کریگ نے پہلی مرتبہ جیمز بانڈ کا کردار نبھایا تھا۔ ’کسینو رویال‘ نامی بانڈ سیریز کی اس فلم کی زیادہ تر فلمنگ چیک جمہوریہ میں کارلو وی واری خطے میں واقع لوکیٹ نامی قصبے میں کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ فلم کا کچھ حصہ مانٹینیگرو میں بھی فلمایا گیا تھا۔
بریگینز، آسٹریا
جیمز بانڈ کی فلموں میں اوپرا اور تھیٹر کے مناظر بھی نمایاں طور پر دکھتے ہیں۔ سن 2008 میں ’کوانٹم آف سولاس‘ فلم کا ایک ایکشن سین آسٹریا کے بریگینز فیسٹیول کے دوران ’ٹوسکا‘ اوپرا کی پرفامنس پر فلمایا گیا تھا۔
پائن وُڈ اسٹوڈیوز، لندن
یوں تو جیمز بانڈ دنیا کی سیر کرتے رہتے ہیں لیکن بانڈ کا گھر برطانوی دارالحکومت لندن میں ہے۔ بانڈ سیریز کے پچاس برس مکمل ہونے کے موقع پر بنائی گئی فلم میں لندن کے دریائے تھیمز پر واقع خفیہ ایجسنی MI6 کا ہیڈکوارٹر تباہ ہوتے دکھایا گیا۔اس کی شوٹنگ لندن کے پائن وُڈ اسٹوڈیوز میں کی گئی تھی۔
ماتیرا، اٹلی
007 جیمز بانڈ سیریز کی تازہ ترین فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی شوٹنگ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب کئی مرتبہ ملتوی ہوگئی۔ اس فلم کو سن 2019 میں ریلیز کیا جانا تھا، جب اطالوی شہر ماتیرا کو یورپ کے ثقافتی دارالحکومتوں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ ساسی نامی ضلع میں پیچھا کرنے کا ایک تیز رفتار سین فلمایا گیا ہے۔