جے پور ادبی میلہ، علمی اور ادبی بیٹھکوں کا مرکز
بھارتی ریاست راجستھان کے مرکزی شہر جے پور کا ادبی میلہ بھارت کے بڑے ادبی میلوں میں سے ایک ہے۔ ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اس ادبی میلے میں بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں ادب دوست شریک ہوتے ہیں۔
کتب کی تقاریبِ رونمائی
اس فیسٹیول میں ہندی اور انگریزی زبان میں شائع ہونے والی کتب کی تقاریبِ رونمائی کے علاوہ مختلف سیاسی اور ادبی موضوعات پر درجنوں نشستیں منعقد ہوئیں، جن میں شاعروں، ادیبوں اور دانشوروں نے تبادلہ خیال کیا۔
راجستھان کی روایتی ثقافت
فیسٹیول کے موقع پر جے پور کی ثقافت کے رنگ لیے درجنوں اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ ان سٹالز میں راجستھان کی روایتی ثقافت کے رنگ لیے مخصوص دستاریں، چادریں، ٹوپیاں، لباس اور گھر سجانے کی چیزیں شامل تھیں۔
لکھاریوں سے بات چیت
اس فیسٹیول میں لکھاریوں کی کتب پر تفصیلی تبصروں کے علاوہ ان لکھاریوں کی کتب کی فروخت اور ان کتب پر قارئین کے لیے دستخطوں کے کیمپ بھی موجود ہیں۔ قارئین اپنے پسندیدہ لکھاریوں کی کتب خریدنے کے ساتھ ساتھ لکھاریوں سے بات چیت بھی کر رہے تھے۔ ایسے کئی کیمپوں کے سامنے لوگوں کی لمبی قطاریں بھی تھیں۔
راجستھان کے روایتی کھانے
اس میلے میں راجستھان کے روایتی کھانوں کے بھی کئی اسٹالز موجود ہیں۔ کچوریوں، چاٹ اور پانی پوری جیسے ہلکے پھلکے کھانوں کے علاوہ پیزا جیسے کھانے بھی موجود تھے۔ تاہم بعض شرکاء کے مطابق اس فیسٹیول میں یہ کھانے عام قیمتوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مہنگے ہیں۔
زبان کے اثرات
مختلف شرکاء نے ادب اور لسانی تشکیل کے علاوہ دنیا کے دیگر معاشروں میں زبان کے اثرات جیسے سماجی امور پر بھی بات کی۔ اس فیسٹیول میں بھارتی اور مغربی ادیب مختلف بیٹھکوں میں ایک ساتھ دکھائی دیے۔
سکیورٹی کے سخت انتظامات
اس ادبی میلے کی موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ میلے کے راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز سے گزر کر داخلے کے علاوہ یہاں مختلف نشستوں کے قریب بھی پولیس اہلکار ڈیرے ڈالے بیٹھے تھے۔
میلے پر کمرشل اثرات
بعض شرکاء کے مطابق جے پور کے ادبی میلے میں ہندی اور انگریزی کے ادب پر تو تفصیلی بات ہوتی ہے، مگر راجستھان اور جے پور کے لکھاریوں اور ادیبوں کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ ناقدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب یہ ادبی میلہ دھیرے دھیرے تجارتی اور معاشی رنگ کے اثر میں گرتا جا رہا ہے اور کمرشل جہتیں اس میلے پر چھاتی جا رہی ہیں۔
بھارتی اور بین الاقوامی ناشرین
اس میلے میں مختلف بھارتی اور بین الاقوامی ناشرین نے بھی اسٹال لگا رکھے تھے، جس میں شرکاء ان پبلشرز کی چھاپی گئی کتب پڑھ سکتے تھے۔