خاتون مسافر شیمپین نہ ملنے پر لڑ پڑی، جہاز کی ہنگامی لینڈنگ
10 دسمبر 2017جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق سوئس ایئر لائن کی ماسکو سے زیورخ کی جانب روانہ ایک پرواز کو جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ اس غیر متوقع صورت حال کا سبب اس مسافر طیارے میں سوار ایک چوالیس سالہ سوئس خاتون بنی۔
زمین کی فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ارتکاز کا نیا عالمی ریکارڈ
جرمن پولیس کے مطابق سوئس ایئر لائن کی اس پرواز کی بزنس کلاس میں سفر کرنے والی اس خاتون نے مزید شیمپین طلب کی، تاہم ہوائی عملے کی نے انکار کر دیا جس کے بعد یہ خاتون مسافر مشتعل ہو گئی۔ سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی یہ مسافر خاتون اپنی سیٹ سے اٹھ کر سیٹوں کے درمیان واقع راستے میں کھڑی ہو گئی اور کچھ ہی دیر بعد شیمپین کی پیاسی اس خاتون اور ایئر لائن کے عملے کے مابین معاملہ تلخ کلامی سے بڑھ کر ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔
اچانک پیش آنے والی اس صورت حال کے بعد ہوائی جہاز کے پائلٹ نے لینڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جرمن شہر اشٹٹ گارٹ کے ہوائی اڈے پر جہاز کے اترنے کے بعد اس چوالیس سالہ خاتون کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
صورت حال کی نزاکت سمجھتے ہوئے مسافر خاتون نے رضاکارانہ طور پر پانچ ہزار یورو جرمانہ ادا کرنے کی حامی بھری اور سوئس ایئر لائن کے اسی جہاز میں اپنا باقی سفر جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ تاہم ہوائی جہاز کے پائلٹ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس خاتون کو ہمراہ لے جانے سے انکار کر دیا۔
اشٹٹ گارٹ ہوائی اڈے کے ایک ترجمان کے مطابق اس سارے واقعے میں ہوائی جہاز یا اس میں سوار تینتالیس مسافروں اور عملے کی زندگیاں کسی وقت بھی خطرے میں نہیں تھیں۔
ہوائی اڈے اور ایئرلائن کمپنی کی جانب سے تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اس خاتون کو ہنگامی لینڈنگ پر اٹھنے والے ہزاروں یورو کے اخراجات بھی بھرنا ہوں گے یا وہ صرف پانچ ہزار یورو بطور جرمانہ ادا کریں گی۔