1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خالدہ ضیاء کے بیٹے کو عمر قید کی سزا

10 اکتوبر 2018

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے اپوزیشن رہنما طارق رحمان کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئےرحمان بنگلہ دیش کی مرکزی اپوزیشن جماعت کے قائم مقام سربراہ ہیں اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے ہیں۔

https://p.dw.com/p/36GtC
Bangladesch Protest Tarique Rahman
تصویر: Imago/ZumaPress

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایک بنگلہ دیشی ٹریبونل نے 2004ء میں اُس وقت کی اپوزیشن رہنما کی سیاسی ریلی پر دستی بم سے حملہ کرنے کے مقدمے میں  19 افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ اسی مقدمے میں ملک کے قائم مقام اپوزیشن رہنما طارق رحمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ سزائے موت پانے والوں میں دو سابق وزراء بھی شامل ہیں۔

2004ء میں کیے جانے والے اس گرینیڈ حملے میں اُس وقت اپوزیشن رہنما اور موجود وزیر اعظم شیخ حسینہ زخمی ہوئی تھیں جبکہ دو درجن کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ٹریبونل کے جج شاہد نورالدین نے دارالحکومت ڈھاکا کی ایک عدالت میں 14 برس قبل ہونے والے اس حملے کے تناظر میں دائر کیے جانے والے قریب 50 مقدمات کا فیصلہ سنایا۔ اس حملے میں 300 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

Bangladesch Prozess gegen Ex-Regierungschefin Khaleda Zia
سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء رواں برس فروری سے جیل میں ہیں جنہیں بدعنوانی کے الزامات کے تحت پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/A.M. Ahad

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فیصلہ سنائے جانے کے وقت مسلح سکیورٹی اہلکاروں نے عدالت کے باہر گلیوں کو گھیر رکھا تھا۔ سزائے موت پانے والے ایک سابق وزیر لطف الزمان بابر نے اس فیصلے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ وہ بے قصور ہیں: ’’خدا سب کچھ جانتا ہے، میں اس کے پیچھے نہیں تھا۔‘‘

سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے بڑے بیٹے طارق رحمان کو اس حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ وہ لندن میں رہتے ہیں اور یہ مقدمہ ان کی غیر موجودگی میں چلایا گیا۔ 11 دیگر لوگوں کو ان مقدمات میں چھ ماہ سے دو برس تک سزائے قید بھی سنائی گئی ہے۔

Bangladesch Premierministerin Sheikh Hasina zum Gesetz zur digitalen Sicherheit
2004ء میں کیے جانے والے اس گرینیڈ حملے میں اُس وقت اپوزیشن رہنما اور موجود وزیر اعظم شیخ حسینہ زخمی ہوئی تھیں۔ تصویر: government's press department

مبصرین کے مطابق طارق رحمان کو یہ سزا سنائے جانے سے رواں برس دسمبر میں ہونے والے انتخابات میں حسینہ واجد کی کامیابی کا امکان تقریباﹰ یقینی ہو گیا ہے۔ سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء رواں برس فروری سے جیل میں ہیں جنہیں بدعنوانی کے الزامات کے تحت پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

ٹریبونل کے جج شاہد نورالدین کے مطابق سزا پانے والے افراد کے پاس 30 دن کا وقت ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف بنگلہ دیشی ہائی کورٹ میں اپیل کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ا (ایسوسی ایٹڈ پریس)