1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی معیشت تباہ ہو چکی ہے، عالمی بینک

عاطف توقیر
10 جولائی 2017

عالمی بینک کے مطابق خانہ جنگی نے شامی معیشت کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دیے ہیں۔ بینک کی پیر دس جولائی کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے جاری خانہ جنگی نے شامی معیشت کو خوفناک حد تک تباہ کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2gIAd
Syrien Anschlag in Damaskus
تصویر: Reuters/SANA

عالمی بینک کی اس رپورٹ کے مطابق شامی معیشت کو اس خانہ جنگی کی وجہ سے ہونے والا مجموعی نقصان اس ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے کئی گنا سے بھی زیادہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام میں ایک تہائی مکانات یا تو تباہ ہو چکے ہیں یا انہیں بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق شام میں خانہ جنگی کے پہلے پانچ برسوں میں سالانہ بنیادوں پر قریب پانچ لاکھ اڑتیس ہزار ملازمتیں ختم ہوئی جب کہ وہاں نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح 78 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ عالمی بینک ہی اس خطے میں ترقی پذیر ممالک کو ترقیاتی قرضے اور امداد مہیا کرتا ہے۔

عالمی بینک کے نائب صدر برائے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ حافظ غنیم نے کہا، ’’شام میں جاری خانہ جنگی نے وہاں سماجی اور اقتصادی ڈھانچے کو ادھیڑ کر رکھ دیا ہے۔‘‘

Syrien Anschlag in Damaskus
اس خانہ جنگی میں لاکھوں افراد مارے گئے ہیںتصویر: Reuters/SANA

غنیم کی جانب سے کہا گیا کہ اس خانہ جنگی کے نتیجے میں شامی معاشرے کو چلانے کے ضروری ادارے بھی تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں تعلیم اور صحت سے متعلق قریب نصف عمارات یا تو تباہ ہو گئیں ہیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان عمارتوں کی مرمت ایسے ڈھانچوں کو نئے سرے سے قائم کرنے سے بھی بڑا چیلنج ہو گی جب کہ اگر جنگ جاری رہی تو یہ نقصان مزید بڑے مسائل میں تبدیل ہو جائے گا۔

عالمی بینک کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صحت سے متعلق نصف تنصیبات کی تباہی کی وجہ سے شام میں صحت کا نظام تہہ و بالا ہو چکا ہے اور وہاں پولیو جیسی بیماریاں دوبارہ سے جنم لینا شروع کر چکی ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق صحت کے ادارے نہ ہونے کی وجہ سے وہاں ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شام میں اسکولوں کی زیادہ تر عمارتیں عسکری تنصیبات میں بدل چکی ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ جنگ کی وجہ سے ان عمارتوں کو بھی شدید نقصانات پہنچے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق خانہ جنگی کی وجہ سے شام کو 226 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، جو کہ سن 2010 میں شام میں خانہ جنگی سے قبل کی مجموعی قومی پیداوار سے بھی چار گنا زیادہ ہے۔