1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی نئی ویڈیو

30 اپریل 2019

عراق و شام میں خود ساختہ خلافت قائم کرنے والی عسکریت پسند تنظیم داعش کے لیڈر کی نئی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں کے دوران البغدادی کی یہ پہلی ویڈیو ہے۔

https://p.dw.com/p/3Hfyc
Irak Abu Bakr al-Baghdadi
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Al-Furqan

عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ یا داعش کے بظاہر محفوظ رہنے والے سپریم لیڈر ابوبکر البغدادی کی نئی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ یہ ویڈیو عسکریت پسند تنظیم کے میڈیا سے تعلق رکھنے والے گروپ الفرقان نے جاری کی ہے۔ امریکا نے داعش کے لیڈر کے سر کی قیمت پچیس ملین ڈالر رکھی ہوئی ہے۔

اس ویڈیو میں ابوبکر البغدادی کو چوکڑی مارے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اپنے مختصر بیان میں وہ شامی قصبے باغوس میں اپنی تنظیم داعش کی شکست کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ مزید انتقامی حملوں کی دھمکی بھی دے رہا ہے۔ البغدادی نے یہ بھی کہا کے خدا نے انہیں جہاد کا حکم دیا ہے اور یہ نہیں کہا تھا کہ اس میں فتح بھی حاصل کرنی ہے۔

اس ویڈیو میں ایک اور شخص نے، جس کی تصویر نہیں دیکھی جا سکتی لیکن اُس نے سری لنکا میں ایسٹر سنڈے کے دہشت گردانہ حملوں کو باغوس کی شکست کا انتقام قرار دیا۔ سری لنکا میں ان دہشت گردانہ حملوں میں ڈھائی سو سے زائد انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ اسی شخص نے یہ بھی کہا کہ مغرب کو انتقام کی ایک طویل جنگ کا سامنا ہو گا۔

Irak Abu Bakr al-Baghdadi
عراق اور شام میں قائم ہونے والی خود ساختہ خلافت کا امیرالمومنین ابوبکر البغدادی تھاتصویر: imago/United Archives International

البغدادی کو آخری مرتبہ عراقی شہر موصل میں سن 2014 میں دیکھا گیا تھا۔  امریکا نے کہا ہے کہ وہ اس ویڈیو کے درست ہونے کا جائزہ لے رہا ہے۔ امریکی بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس جہادی گروپ کے خلاف مستقبل میں بھی جنگ جاری رکھی جائے گی۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ابوبکر البغدادی اگر زندہ بھی ہے تو اس سے کوئی بڑا فرق نہیں پڑے گا کیونکہ داعش کے کارکن اب تتر بتر ہو چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی خود ساختہ خلافت کو عراق اور شام میں اسٹریٹیجک اور نفسیاتی سطح پر مکمل شکست دی جا چکی ہے۔

اس ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا کہ ابوبکر البغدادی داعش کی عالمی سرگرمیوں کی رپورٹوں کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔ داعش کا سربراہ سن 1971 میں پیدا ہوا تھا اور اس کا ابتدائی نام ابراہیم عود البدری تھا۔