داڑھی رکھنے کے فوائد
یہ بات تو ہر کوئی جانتا ہے کہ داڑھی مردانہ وجاہت میں اضافہ کرتی ہے جبکہ شیو کرنے میں وقت بھی لگتا ہے اور پیسہ بھی لیکن داڑھی رکھنا صحت کے لیے بھی کتنا فائدہ مند ہو سکتا ہے یہ جانیے اس پکچر گیلری میں۔
الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بچاؤ
چہرے پر گھنی داڑھی سورج سے آنے والی 95 فیصد تک بالائے بنفشی شعاعوں سے بچاتی ہے۔ یہ شعاعیں جلد کے کینسر کا سبب بن سکتی ہیں۔
دمے اور الرجی میں راحت
جن لوگوں کو موسم تبدیل ہونے پر گرد یا کسی خاص پودے سے الرجی ہوتی ہے، انہیں بھی داڑھی کچھ آرام پہنچا سکتی ہے۔ داڑھی کے بال ایک قدرتی فلٹر کا کام کرتے ہیں اور ناک کے بالوں کی طرح الرجی پیدا کرنے والے بہت سے ذروں کو نتھنوں میں جانے سے روک لیتے ہیں۔
ہمیشہ رکھے جوان!
چہرے پر جھریاں بڑھتی عمر کا پتہ دیتی ہیں۔ جب داڑھی کی وجہ سے چہرے پر سورج کی کرنیں کم پڑتی ہیں تو جھریاں بھی کم پیدا ہوتی ہیں۔ پھر یہ بھی کہ داڑھی رکھنے سے مرد زیادہ عرصے تک جوان بھی لگتے ہیں۔
داغوں سے چھٹکارا
شیو کرنے سے کبھی کبھی جلد کٹ جاتی ہے اور اُس پر زخموں کے نشانات بھی پڑ سکتے ہیں۔ داڑھی رکھنے سے جِلد بھی ٹھیک رہے گی اور روز روز کی چوٹوں اور خراشوں سے بھی چھٹکارا مل جائے گا۔
گرمی سردی دونوں میں حفاظت
داڑھی موسم گرما میں کڑکتی دھوپ سے بچاتی ہے اور جاڑوں میں شدید سردی سے۔ سر کو تو کسی اُونی ٹوپی سے ڈھانپا جا سکتا ہے لیکن چہرے کو ایسی کسی چیز کی مدد سے محفوظ نہیں بنایا جا سکتا۔ ایسے میں داڑھی ہر موسم میں مردوں کی جِلد کی حفاظت کرتی ہے۔
انفیکشن سے بچانے والی
بیکٹیریا کئی طرح کی انفیکشنز کا باعث بنتے ہیں۔ شیو کرنے سے کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ بیکٹیریا بالوں کی جڑوں میں بھی اپنا گھر بنا لیتے ہیں۔ تب جِلد پر سیاہ دھبے نظر آنے لگتے ہیں۔ اگر وہاں بال اُگے ہوں گے تو ایسے بیکٹیریا بے گھر ہو جائیں گے۔
قدرتی نمی
داڑھی جلد کی خشکی کا بھی بہترین تریاق ہے۔ چہرے کی جِلد کو ہوا اور ٹھنڈک سے بچانے کے ساتھ ساتھ داڑھی اسے خشک بھی نہیں ہونے دیتی۔ اس طرح جلد کی نمی کے لیے استعمال ہونے والی کریم کا خرچ بھی بچایا جا سکتا ہے۔
وقت بچے گا
امریکا کی بوسٹن یونیورسٹی کے ڈرماٹالوجی کے شعبے کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ہیربرٹ میسن نے 1972ء میں حساب لگایا تھا کہ ایک اوسط شخص اپنی زندگی میں تقریباً ساڑھے تین ہزار گھنٹے شیو کرنے میں گزار دیتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ داڑھی رکھنے والے حضرات اپنی زندگی کے 139 دن یعنی پانچ مہینے کسی اور ضروری کام میں صرف کر سکتے ہیں۔