1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دریائے رائن پر واقع بین الاقوامی اہمیت کا حامل شہر

22 مئی 2013

ڈوسلڈورف کو بینکاروں، سرمایہ کاروں، فنکاروں اور ہنرمندوں کا شہر کہا جاتا ہے لیکن اس کی ایک پہچان یہاں بڑی تعداد میں رہائش پذیرجاپانی باشندے بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/J70d
تصویر: picture-alliance/ dpa

اس شہر کو جرمنی میں جاپانیوں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے اور اسے ’’دریائےرائن کاجاپانی دارالحکومت‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں رہائش پزیر یہ جاپانی اعلٰی تعلیم یافتہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ مرکزی ریلوے سٹیشن کے گردونواہ میں جاپانی زبان جرمن زبان کی طرح بولی جاتی ہے۔ یہاں جا بجا جاپانی ریستوران،کھانے پینے کی چھوٹی چھوٹی دکانیں،کئی کتاب گھر اور ایک جدید شاپنگ پلازہ بھی ہے، جہاں پرچیزوں سے لے کر کام کرنے والا عملہ بھی جاپانی ہے۔

اس کے علاوہ دو کنڈرگارٹن اور ایک سیکنڈری سکول بھی ہیں، جو کہ یورپ میں سب سے بڑا جاپانی سکول ہے۔ یہاں رہائش پذیر یہ جاپانی جاپان کے قومی تہوار اور تعطیلات کو بڑے جوش وجذبے سے مناتے ہیں۔ ڈوسلڈورف کے مقامی لوگ بھی ان تہواروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

نارتھ رائن ویسٹ فالیہ جو کہ جرمنی کا سب سے گنجان آباد صوبہ ہے اوراس کی کل آبادی ایک کروڑ اسی لاکھ ہے، یہ شہر اس صوبے کا دارالحکومت ہے۔ صوبائی پارلیمنٹ کی عمارت جو کہ نئی تعمیر کی گئی ہے، پرانےشہر کے تاریخی مرکز اور شاپنگ کی مشہور شاہراہ Königsallee کے درمیان واقع ہے۔ مقامی باشندے اس شاہراہ کو’’کیو‘‘ یعنی ’’جرمنی کی بہترین خریداری کی شاہراہ‘‘ کہتے ہیں۔

Deutschland Karneval Rosenmontag Düsseldorf
ڈوسلڈورف میں ہونے والے کارنیول میں بہروپ بھرے کچھ افرادتصویر: AP

ایک کثیر الاثقافتی شہر

ڈوسلڈورف ایک کثیرالاثقافتی شہر ہے، جس کی آبادی پچاس لاکھ ہےاس شہر کے مضافات میں لاتعداد بڑے صنعتی ادارے ہیں، جو پورے صوبے کو روزگار مہیا کرتے ہیں۔ صوبے کی بڑی صنعتوں کےمرکزی انتظامی دفاتر بھی اسی شہر میں واقع ہیں بلا شبہ یہ شہر صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فالیہ کا ’’انتظامی دل‘‘ ہے۔ اب زیادہ ترکوئلے کی کانوں اور فولاد بنانے کی فیکٹریوں کے بند ہوجانےکے بعد یہ پورا روہر علاقہ انڈسٹری سروس یعنی صنعتی فروغ کے انتظامی دفاتر کے مرکز میں تبدیل ہو رہا ہے۔

یورپ کا تجارتی مرکز

بدلتے وقت کے ساتھ اس شہر میں جدیدرنگ کی جھلک نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ نئی تعمیر شدہ بلندوبالا عمارتیں، صوبائی وزراء کے دفاتر، صنعتی اداروں اور ملکی و غیرملکی کمپنیوں کے مرکزی دفاتر اس شہر کی اہمیت اجاگرکرتے ہیں۔ ایک اندازے کےمطابق تین ہزار سے زائد قومی وبین الاقوامی کمپنیوں کے صدر دفاتر یہاں قائم ہیں۔ چونکہ جاپانیوں کی ایک کثیر تعداد یہاں رہائش پذیر ہے اس لئے جاپانی تجارتی اداروں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔

Olympia Bewerbung Hamburg
شہر کا فضائی منظرتصویر: AP/Hamburg für Spiele 2012 GmbH

ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز

یہ شہر بھرپور ثقافتی سرگرمیاں رکھتا ہےیہاں کئی تھیٹر، بےشمارعجائب گھر، نمائش گاہیں اور رقص کی تربیت گاہیں ہیں۔ جغرافیائی طور پر یہ شہر صوبے کے مرکز میں واقع ہےاور یہاں سے صوبے کے تمام بڑے شہروں تک صرف ایک گھنٹے میں بس یا ٹرین کے ذریعےپہنچاجا سکتا ہے۔ طالب علموں کے لئے روہر علاقے کے تمام شہروں تک بس اور ٹرین سے سفرکی سہولت مفت ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں