دلچسپ جرمن تراکیب
کورونا وائرس کی وبا کے پھیلنے کے وقت ایک جرمن زبان کے لفظ ’ہامسڑن‘ کا استعمال کئی ممالک میں دیکھا گیا۔ اس کے معنی ’افراتفری میں خریدنا‘ ہے۔ چند دیگر دلچسپ جرمن تراکیب کچھ یوں ہیں:
افراتفری میں خریداری
کورونا وائرس کی وبا کے ابتدائی ایام میں عام لوگوں میں بے پناہ خوف اور سنسنی خیزی دیکھی گئی تھی۔ لوگوں نے گھروں میں روزمرہ اشیاء کا ذخیرہ کرنا شروع کر دیا تھا۔ جرمن زبان میں اس حالت کے لیے لفظ ’ہام سٹرن‘ ہے۔ یہ لفظ ایک چوہے کی قسم ’ہیمسٹر‘ سے لیا گیا ہے، وہ بھی لالچی انداز میں دستیاب خوراک سے اپنا منہ بھر لیتا ہے۔
پیسے کا ضیاع
اس کے لیے جرمن لفظ ’فیرپلیمیرن‘ (Verplempern) ہے۔ یہ ایک عام بازاری بول چال کا لفظ ہے لیکن اب اسے جرمن لغت میں شامل کر دیا گیا ہے۔ یہ لفظ سولہویں صدی سے عام بول چال میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
چالاکی سے کوئی چیز اٹھانا
ایسا اکثر ہوا ہے کہ پلیٹ میں سے ایک بسکٹ کو یا چند فرنچ فرائز کو چالاکی سے اٹھا لیا جاتا ہے۔ اس کے لیے جرمن لفظ ’شٹیبِٹسن‘ (Stibitzen) ہے۔ اس کی تاریخ نامعلوم ہے لیکن عام بول چال میں اٹھارہویں صدی میں رواج پا گیا تھا۔
خوراک سے لطف لینا
کھانے سے لطف لینے کے لیے روزمرہ کی جرمن زبان کا لفظ ’شنابولیئرن‘ (Schnabulieren) ہے۔ جرمن سے واقفیت ہونے پر آپ پہچان گئے ہوں گے کہ اس لفظ کا تعلق پرندے کی چونچ یا Schnabel سے ہے۔ اسی سے ترکیب کی ماہیت واضح ہو جاتی ہے۔
خوشامد
ایک جرمن لفظ خوشامد کے لیے کافی ہے اور یہ لفظ ’باؤخ پِنزلن‘ (Bauchpinseln) ہے۔ اس کا لفظی مطلب پیٹ پر برش مارنا ہے۔ عام انداز میں اس کا مطلب کسی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے کیا گیا کوئی بہتر کام یا فعل ہے۔
غلطی کرنا یا بھول جانا
جرمن زبان میں اگر کوئی فرد کام مکمل نہ کر سکے یا بھول جائے تو عام طور پر ’ فیربازلن‘ (Verbaseln) بولا جاتا ہے۔ یہ لفظ شمالی جرمن لوگوں میں بہت مقبول ہے۔ جب کچھ خراب ہو جائے تب بھی یہی لفظ ادا کیا جاتا ہے۔
ناز برداری
جرمن زبان میں اس ترکیب کا کوئی براہٴ راست متبادل دستیاب نہیں لیکن اس کے قریب ایک لفظ ’بیٹُوئڈلنُ‘ (Betueddeln) ہے۔ یہ اصطلاح شمالی جرمن میں بولی جاتی ہے۔ اس کا ماخذ ہیمبرگ شہر کی جھیل میں رہنے والے ہنس پرندوں سے جڑا ہے، جنہیں سرد موسم میں سرمائی کوارٹرز میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔
ارے مذاق تو نہیں کر رہے!
جرمن زبان کا لفظ ’فیرآرشین‘ (Verarschen) ہے۔ یہ عمومی طور پر کسی کو بیوقوف بنانے کے لیے مستعمل ہے۔ اس لفظ کا ماخذ انسانی پیٹھ کے لیے استعمال ہونے والا جرمن لفظ ہے۔
قابلِ فہم حماقت
اس اصطلاح کے لیے جرمن زبان کا لفظ ’دُرش ورشٹیلن‘ (Durchwurschteln) ہے۔ اس کا مطلب ہے کسی منصوبے کے بغیر کسی غلطی یا حماقت کی حمایت کرنا ہے۔ قابلِ فہم حماقت اصل میں اردو کی ترکیب ’مقصدی منصوبے‘ کا اُلٹ ہے۔