1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر سے مسلمان افغانستان ہجرت کر جائیں، داعش

اے ایف پی
7 مارچ 2018

جہادی گروپ داعش دنیا بھر کے مسلمانوں کو دعوت دے رہا ہے کہ اگر وہ شام یا عراق نہیں پہنچ سکتے تو افغانستان ہجرت کر جائیں۔ یہ دعوت ایک پروپیگنڈا فلم کے ذریعے دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2tsrh
Irak - Mosul - IS
تصویر: Getty Images/AFP/A. Al-Rubaye

افغانستان میں خراسان صوبے میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی شاخ کی جانب سے چار مارچ کو ریلیز کی جانے والی یہ پروپیگنڈا فلم پچیس منٹ دورانیے پر مشتمل ہے۔ ’سائٹ انٹیلیجنس گروپ‘ کے مطابق اس فلم میں افغانستان کے شمال اور مشرق میں اس جہادی گروپ کے مضبوط ٹھکانوں کو پروموٹ کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں ایک جنگجو کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے،’’دنیا کے ہر کونے میں رہنے والے مسلمانو! خراسان کی طرف مہاجرت اختیار کر لو، اگر تم شام یا عراق نہیں جا سکتے تو افغانستان آ جاؤ۔‘‘

خراسان سے مراد ایک تاریخی علاقہ ہے جس میں آج کے افغانستان، پاکستان اور پڑوسی ممالک کے کچھ حصے شامل تھے۔ یہ ویڈیو ایسے خدشات کے درمیان سامنے آئی ہے، جب اطلاعات کے مطابق شام اور عراق سے پسپا ہونے والے جہادی جنگجو افغانستان کی راہ لے رہے ہیں۔

حال ہی میں افغان حکام نے بتایا تھا کہ انہوں نے صوبہ ہلمند سے طالبان کے ساتھ ایک جرمن شہری کو بھی گرفتار کیا تھا۔ سولہ سالہ جنگ میں طالبان کے ساتھ کام کرنے والا اب تک کا یہ واحد یورپی باشندہ تھا۔

Afghanistan als Taliban Kämpfer festgenommener deutscher Staatsbürger Abdul Wadood
حال ہی میں افغان حکام نے بتایا تھا کہ انہوں نے صوبہ ہلمند سے طالبان کے ساتھ ایک جرمن شہری کو بھی گرفتار کیا تھاتصویر: Afghan security forces

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھی حال ہی میں رپورٹ کیا تھا کہ شام سے آنے والے الجزائر اور فرانس سے تعلق رکھنے والے کچھ جنگجوؤں نے افغانستان کے شمالی صوبے جوزجان میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

داعش کی جانب سے دنیا بھر میں مسلمانوں کو افغانستان آنے کی دعوت پر مبنی یہ ویڈیو عربی میں ہے تاہم بعض جنگجو پشتو، فارسی اور ازبک زبانوں میں بھی یہ پیغام دیتے نظر آتے ہیں۔

ویڈیو کا آغاز امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کے اُس بیان کی تضحیک کے ساتھ شروع ہوتا ہے جس میں انہوں نے افغانستان میں اس گروپ کی تباہی کا عہد کیا ہے۔ اس کے بعد ویڈیو میں قیدیوں کی سزاؤں اور کمسن جنگجوؤں کی تربیت کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش سن 2014 میں افغانستان میں اس وقت سامنے آئی تھی جب نیٹو نے اپنے دستے افغانستان سے نکال لیے تھے اور سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان فورسز کو سونپ دی تھیں۔