دنیا کے وہ دس ممالک، جہاں سانس لینا بھی خطرناک ہے
ان دنوں نئی دہلی اور لاہور شدید سموگ کی زد میں ہیں۔ ’ایئر ویژؤل‘ کے ’ایئر کوالٹی انڈیکس‘ کے مطابق سال بھر اوسطاﹰ سب سے زیادہ فضائی آلودگی کن ممالک میں رہتی ہے، جانیے اس پکچر گیلری میں۔
1۔ بنگلہ دیش
PM2.5 معیار میں فضا میں موجود ایسے چھوٹے ذرات کا جائزہ لیا جاتا ہے، جو سانس کے ذریعے پھیپھڑوں اور خون تک میں شامل ہو جاتے ہیں۔ بنگلہ دیش فضائی آلودگی کے حوالے سے سرفہرست ہے، جہاں گزشتہ برس PM2.5 کی اوسط 97.10 ریکارڈ کی گئی۔
2۔ پاکستان
ایئر ویژؤل نے حالیہ دنوں میں لاہور کا ’ایئر کوالٹی انڈیکس‘ چار سو سے زائد تک ریکارڈ کیا۔ انڈیکس کے مطابق گزشتہ برس پاکستان میں PM2.5 کی سالانہ اوسط 74.27 رہی تھی۔ یوں پاکستان فضائی آلودگی کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔ فیصل آباد اور لاہور آلودہ ترین شہروں کی ٹاپ ٹین فہرست میں بھی شامل ہیں۔
3۔ بھارت
دنیا کا تیسرا آلودہ ترین ملک بھی جنوبی ایشیا ہی سے ہے۔ بھارت میں گزشتہ برس کے دوران PM2.5 کی اوسط 72.54 ریکارڈ کی گئی۔ دنیا کے دس آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھی نئی دہلی سمیت بھارت کے سات شہر شامل ہیں۔
4۔ افغانستان
پاکستان کا پڑوسی ملک افغانستان فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کا چوتھا آلودہ ترین ملک رہا۔ گزشتہ برس افغانستان میں PM2.5 کی اوسط 61.80 ریکارڈ کی گئی۔
5۔ بحرین
ڈیڑھ ملین نفوس پر مشتمل خلیجی ریاست بحرین آلودہ فضا کے حامل بد ترین ممالک کی عالمی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔ وہاں PM2.5 کی اوسط 59.60 رہی۔
6۔ منگولیا
تین ملین سے زائد کی آبادی والا مشرقی ایشیائی ملک منگولیا اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔ ایئر ویژؤل کے مطابق وہاں سن 2018 میں PM2.5 کی اوسط 58.50 ریکارڈ کی گئی۔
7۔ کویت
چار ملین کی آبادی والا خلیجی ملک کویت ساتویں نمبر پر ہے، جہاں سن 2018 میں PM2.5 کی سالانہ اوسط 56 رہی تھی۔
8۔ نیپال
آٹھویں نمبر پر بھی جنوبی ایشیا ہی کا ایک ملک نیپال رہا۔ PM2.5 کی خطرناک ترین سطح 55 سے زائد شمار کی جاتی ہے۔ نیپال میں اس کی سالانہ اوسط 54.15 ریکارڈ کی گئی۔
9۔ متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات میں PM2.5 کی سالانہ اوسط 49.93 ریکارڈ کی گئی اور یوں فضائی آلودگی کے اعتبار سے یہ نواں خطرناک ترین ملک قرار پایا۔
10۔ نائجیریا
خطرناک فضا کے حامل دس ممالک کی فہرست میں واحد افریقی ملک نائجیریا ہے۔ سن 2018 کے پورے سال کے دوران نائجیریا میں PM2.5 کی اوسط 44.84 رہی۔