1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوران حیض گھر سے بے دخلی ایک لڑکی کی جان لے گئی

بینش جاوید، روئٹرز
11 جولائی 2017

نیپال میں ایک لڑکی سانپ کے ڈسنے سے ہلاک ہوگئی ہے۔ یہ لڑکی مخصوص ايام کے دوران اپنے گھر سے باہر ایک جھونپڑی میں رہنے پر مجبور تھی۔

https://p.dw.com/p/2gLRL
Nepal Achham - Religion und Frauen
تصویر: Getty Images/AFP/P. Mathema

تھامسن روئٹرز فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق نیپال کے مغربی علاقے دیلیکھ کی انیس سالہ تولاسی شاہی ایک زہریلے سانپ کے ڈسنے سے ہلاک ہو گئی ہے۔ غیر سرکاری تنظیم واٹر ایڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق حیض کی وجہ سے تولاسی کو اس کے اہل خانہ نے گھر سے باہر ایک جھونپڑی میں رہنے پر مجبور کیا تھا۔

چوپاڈی، ہندو مذہب کی ایک قدیم روایت ہے جس میں حیض يا مخصوص ايام کے دوران خواتین کو ناپاک تصور کیا جاتا ہے۔ نیپال کے کچھ علاقوں میں حیض کے دوران عورتوں کو گھروں سے باہر نکال دیا جاتا ہے۔

Nepal Achham - Religion und Frauen
گزشتہ برس دسمبر میں ایک 15 سالہ لڑکی تازہ ہوا اور آکسیجن کی کمی کے باعث جھونپڑی میں ہلاک ہو گئی تھیتصویر: Getty Images/AFP/P. Mathema

واٹر ایڈ تنظیم کے سربراہ ٹم وین رائٹ کا کہنا ہے، ’’افسوس ناک بات یہ ہے کہ یہ صرف ایک واقعہ نہیں۔ نیپال کے کئی علاقوں میں بچیوں اور عورتوں کو حیض کے دوران گھروں سے باہر نکال دیا جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے بتايا کہ چوپاڈی کی قدیم روایت ظاہر کرتی ہے کہ حیض سے جڑے خیالات عورتوں کی زندگیوں کو کیسے متاثر کرتے ہیں۔‘‘

سن 2005 میں چوپاڈی کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود کئی ایسے واقعات منظر عام پر آچکے ہیں جن میں حیض کے باعث جھونپڑیوں میں رہنے والی عورتوں پر جنگلی جانوروں کی طرف سے حملے کیے گئے، سانپوں نے عورتوں کو ڈسا اور یہاں تک کے عورتوں کا ریپ بھی کیا گیا۔ یہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ مغربی نیپال میں چوپاڈی کی روایت اب بھی وہاں کے شہریوں کی زندگیوں کا حصہ ہے۔

Nepal Achham - Religion und Frauen
نیپال کے کئی علاقوں میں بچیوں اور عورتوں کو حیض کے دوران گھروں سے باہر نکال دیا جاتا ہےتصویر: Getty Images/AFP/P. Mathema

گزشتہ برس دسمبر میں ایک 15 سالہ لڑکی تازہ ہوا اور آکسیجن کی کمی کے باعث جھونپڑی میں ہلاک ہو گئی تھی۔ اور کچھ ہفتے قبل ایک چودہ سالہ لڑکی کو حیض کے دوران ایک خطرناک بیماری لاحق ہوگئی تھی۔